بھٹکل، 7/ستمبر (ایس او نیوز ) بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے خبر دی ہے کہ کرناٹکا پسماندہ طبقات کمیشن کی جانب سے ریاست گیر سماجی و تعلیمی سروے 2025 اس ماہ 22 ستمبر سے شروع ہو کر 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اس سروے کا مقصد ریاست کے تمام عوام کی سماجی اور تعلیمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینا اور مستقبل کی پالیسی سازی کے لیے ٹھوس بنیاد فراہم کرنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ سروے ہر گھر میں جا کر کیا جائے گا اور اس دوران تقریباً 60 سوالات پر مشتمل معلومات طلب کی جائیں گی۔ سروے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس راشن کارڈ، آدھار کارڈ یا آدھار نمبر، معذور افراد کے لیے یو آئی ڈی کارڈ یا معذوری کا سرٹیفکیٹ، اور ووٹر شناختی کارڈ وغیرہ تیار رکھیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ خاندان کے تمام افراد کے آدھار کارڈز کن کن موبائل نمبروں سے لنک ہیں، اس کی تصدیق ضروری ہے، کیونکہ ای-کے وائی سی کے دوران متعلقہ موبائل نمبر پر او ٹی پی موصول ہوگا۔ اگر گھر کا کوئی فرد موجود نہ ہو تو دیگر اہل خانہ متعلقہ فرد کو فون کے ذریعے او ٹی پی حاصل کرکے معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق ایسے افراد جن کے پاس آدھار کارڈ موجود نہیں ہے، وہ قریبی آدھار انرولمنٹ سینٹر جاکر رجسٹریشن کرائیں اور اینرولمنٹ نمبر حاصل کریں۔ اسی طرح اگر آدھار موجود ہو لیکن کسی فعال موبائل نمبر سے لنک نہ ہو تو بھی انرولمنٹ سینٹر جاکر لنکنگ کرانا لازمی ہے۔
سروے کے سوالنامے میں تعلیمی قابلیت، ہنر کی تربیت کی ضرورت، آمدنی، خاندان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد، مذہب، ذات، ذیلی ذات اور پیشہ وغیرہ سے متعلق معلومات شامل ہوں گی۔ اس مقصد کے لیے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ درست اور مکمل معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار رہیں۔
سروے سے قبل بیداری پیدا کرنے کے لیے کالج طلبہ کے ذریعے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے عوام کو ہیلپ لائن نمبر 8050770004 پر رابطہ کرنے یا ویب سائٹ https://kscbc.karnataka.gov.in ملاحظہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تحصیلدار نے عوام سے کہا ہے کہ یہ ہمارا مشترکہ سروے ہے، لہٰذا ہر شہری کو ذمہ داری کے ساتھ اس میں حصہ لینا چاہیے۔