بھٹکل 23/نومبر (ایس او نیوز) : طلبہ میں سائنسی مزاج پیدا کرنے، تحقیق پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے اور تجزیاتی سوچ کو مضبوط کرنے کے مقصد کے ساتھ، دوسرا بھٹکل انٹر اسکول اور انٹر کالج سائنس میلہ (سائنس فیئر) 20 نومبر کو شمس پی یو کالج اور اے جے اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے ڈاکٹر ایم۔ٹی۔ حسن باپا آڈیٹوریم میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا.
سائنس فیر میں بھٹکل و اطراف کے 10 تعلیمی اداروں کی 52 ٹیموں نے اپنے تحقیقی منصوبے اور تجربات پیش کیے۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی انجمن حامی مسلمین کے نائب صدر ڈاکٹر محمد زبیر کولّا نے اس موقع پر تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ میں تحقیقی سوچ اور سائنسی نقطۂ نظر کو اسکولی سطح ہی سے فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔ اعزازی مہمان کے طور پر شریک دی نیو انگلش پی یو کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ویریندر وی۔ شانبھاگ نے ہنر پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے حقیقی دنیا کی اختراعی کامیابیوں کی مثالیں پیش کیں۔ اے جے اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کے ڈائریکٹر عبداللہ جاوید نے تحقیق میں انفرادیت، درست طریقۂ کار اور سائنسی سختی (Scientific Rigor) کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین نذیر احمد قاضی نے صدارت کی۔
اسٹیج پر سوسائٹی کے صدر محمد اسماعیل محتشم، نائب صدر سید قطب برماور ندوی، مولانا عزیزالرحمن رکن الدین ندوی، سید شکیل ایس۔ ایم، اور دیگر افراد موجود تھے۔
تقریب کا آغاز احمد زین کی تلاوتِ قرآن اور محمد اذان کے ترجمہ سے ہوا۔ نیو شمس اسکول کے پرنسپل لیاقت علی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ شمس پی یو کالج کے پرنسپل محمد رضا مانوی نے استقبال کرتے ہوئے ججس کا تعارف کرایا۔ سائنس فیئر کی کنوینر ڈاکٹر ممتا نائک نے شکریہ ادا کیا۔
مختلف شعبہ جات کے ماہرین بشمول اے آئی ٹی ایم کی پروفیسر قرۃ العین وسیم ایچ (ریاضی)، ڈاکٹر چیتن پائی (فزکس)، پروفیسر ال شفا (کیمسٹری)، انجمن ڈگری کالج کے ڈاکٹر ونایک آنند کامت (فزکس)، انجمن ویمنس ڈگری کالج کی ڈاکٹر روپّا ڈی شانبھاگ (زولوجی)، اور پروفیسر شاہدہ ایکیری(بوٹونی) ججس کے طور پر شریک تھے
یہ میلہ روایتی سائنس نمائشوں سے بالکل مختلف تھا۔ مکمل طور پر تحقیق پر مبنی اس میلے میں طلبہ نے اپنی تحقیقات کو ڈیٹا، ماڈلز اور عملی مظاہروں کے ساتھ پیش کیا۔