بھٹکل ، 18/ اگست (ایس او نیوز) بَنگال کی خلیج میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب کرناٹک میں آئندہ پانچ دنوں تک بھاری بارش ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے پانچ اضلاع اُتر کنڑا ،اُڈپی، دکشن کنڑا ، شیموگہ اور چکمنگلور کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شدید بارش والے علاقوں جس میں ضلع ہاسن اور کوڈاگو کے علاقے بھی شامل ہیں، کے اسکولوں اور کالجوں میں پیر کو تعطیل دی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق پانچوں ا اضلاع میں ریڈ الرٹ کے ساتھ ساتھ بیلگاوی اور ہاویری کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ بیلاری، بنگلورو شہری اور دیہی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی اور مسلسل بارش برسنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے بعد آج پیر کو بھی صبح سے ہی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے عام زندگی متاثر ہو ئی ہے۔