ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں تنظیم کامپلیکس کی تعمیرکیلئے عوام سے مالی تعاون کی اپیل؛ کل نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہرچلائی جائے گی فنڈ رائیزنگ مہم

بھٹکل میں تنظیم کامپلیکس کی تعمیرکیلئے عوام سے مالی تعاون کی اپیل؛ کل نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہرچلائی جائے گی فنڈ رائیزنگ مہم

Thu, 14 Aug 2025 21:53:30    S O News
بھٹکل میں تنظیم کامپلیکس کی تعمیرکیلئے عوام سے مالی تعاون کی اپیل؛ کل نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہرچلائی جائے گی فنڈ رائیزنگ مہم

بھٹکل 14 اگست (ایس او نیوز): انسانیت کی خدمت کے لیے گزشتہ 115 سال سے سرگرم چیریٹیبل قومی و سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے پہلی مرتبہ اپنی ہی عمارت کے تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کے لیے عوام سے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں اعلان کیا گیا ہے کہ کل جمعہ کو شہر کی تمام جامع مساجد کے باہر نمازِ جمعہ کے فوراً بعد چادر پھیلا کر عطیات وصول کیے جائیں گے۔ اس بات کی اطلاع تنظیم کے جنرل سکریٹری جناب عبدالرقیب ایم جے ندوی نے دی۔

اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرقیب ندوی نے بتایا کہ تنظیم ہمیشہ مختلف اداروں کے منصوبوں، قدرتی آفات کے متاثرین اور ضرورت مندوں کے لیے عوام سے مالی تعاون کی اپیل کرتی رہی ہے، لیکن آج تک تنظیم نے اپنی ضرورت کے لیے بھٹکل کے عوام سے براہِ راست چندہ نہیں مانگا۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں پہلی بار تنظیم نے اپنا بزنس کامپلیکس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا، اور خلیج  اور اندرون ہند میں قائم مختلف بھٹکلی جماعتوں کے تعاون سے عمارت کا ڈھانچہ کھڑا کیا گیا، مگر باقی کام کی تکمیل کے لیے مزید مالی وسائل درکار ہیں۔

tanzeem-complex-qr-code

انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ تنظیم ایک خیراتی ادارہ ہے، اس لیے اس منصوبے میں تعاون کرنے والوں کو آخرت میں بھرپور اجر ملے گا۔ مزید بتایا کہ تنظیم کامپلیکس کی تکمیل کےلئے ایک تعمیراتی کمیٹی ترتیب دی گئی ہے جس کے کنوینرجناب عتیق الرحمن منیری ہیں جن کی کوششوں سے پانچ مالہ عمارت کا ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے جبکہ بھٹکل میں چندہ وصولی کے لیے جو بھرپور مہم شروع کی جا رہی ہے، اس مہم کے لئے تنظیم کے سکریٹری برائے مالیات عزیزالرحمن رکن الدین ندوی کو کنوینر نامزد کیا گیا ہے۔

عزیزالرحمن ندوی نے کہا کہ تنظیم کامپلیکس کی تکمیل کے لیے یہ پہلی بار بھٹکل میں وصولی مہم شروع کی گئی ہے، جو تین مراحل میں ہوگی:

پہلا مرحلہ: جمعہ کے دن جامع مساجد کے باہر نماز کے بعد چادر پھیلا کر عطیات جمع کیے جائیں گے۔
دوسرا مرحلہ: بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور مختلف اسپورٹس سینٹروں کے تعاون سے محلہ وار چندہ وصولی۔
تیسرا مرحلہ: خواتین میں بھی یہ مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کے تعاون سے تنظیم ہر ماہ تقریباً 350 خاندانوں کو راشن فراہم کرتی ہے، ہر سال 900 کے قریب طلبہ کو تعلیمی اسکالرشپ دیتی ہے، اور بے شمار ضرورت مندوں کو شادی، علاج اور دیگر مواقع پر مالی مدد فراہم کرتی ہے۔

bhatkal-tanzeem-chanda-1

انہوں نے مزید بتایا کہ نوائط کالونی میں تنظیم جمعہ مسجد کے سامنے پانچ مالہ عمارت کا ڈھانچہ تیار ہوچکا ہے۔ منصوبے کے مطابق پہلا اور دوسرا مالہ دکانوں اورشورومزکے لیے مخصوص ہوگا۔ تیسرا مالہ دفاترکے لیے اور چوتھے مالہ پرتنظیم کا دفتراورمیٹنگ ہال قائم ہوگا۔

اس کامپلیکس سے تنظیم کوجو بھی آمدنی ہوگی، وہ مکمل طور پر فلاحی اورعوامی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

تنظیم کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ تنظیم ہمیشہ دوسروں کی مدد میں پیش پیش رہی ہے، لیکن اپنی عمارت کے لیے جاری تعمیراتی کام گزشتہ آٹھ سال سے سست رفتاری کا شکار ہے۔ خلیجی جماعتوں اور اندرون ہند کی مختلف بھٹکلی جماعتوں کے تعاون سے 60 تا 70 فیصد کام مکمل ہوا ہے، اور امید ہے کہ بھٹکل کے عوام کی بھرپور شرکت سے اگلے ایک سال میں منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

انہوں نے بھٹکل کے عوام سے اپیل کی  کہ وہ کل جمعہ کی نماز کے لیے گھر سے نکلتے وقت تنظیم کے لیے عطیہ دینے کی رقم ضرور ساتھ لائیں۔آگے کہا کہ "ہم چاہتے ہیں کہ بھٹکل کا ہر فرد اس منصوبے میں حصہ ڈالے، چاہے وہ ہزار، پانچ سو یا سو روپیہ دے، اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو پچاس یا دس روپیہ ہی دے کر اپنا تعاون ضرور شامل کرے۔

Click here to watch the appeal from Tanzeem


Share: