بھٹکل 21 جولائی (ایس او نیوز): بھٹکل پولیس نے عوام کو قانون سے متعلق بیدار کرنے کے لیے نور جمعہ مسجد میں بعد نماز مغرب ایک اہم خطاب کیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع دینے کی اپیل کی۔ یہ مہم پی ایس آئی سومناتھ راتھوڑ کی قیادت میں انجام دی گئی، جس میں پولیس ٹیم نے مسجد میں موجود مسلمانوں سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں سومناتھ راتھوڑ نے کہا کہ اگر کسی کو چوری، چرس، گانجہ یا کسی بھی طرح کی غیر قانونی حرکتوں کی اطلاع ملے تو فوری طور پر 112 ٹول فری نمبر پر پولیس کو مطلع کریں۔
انہوں نے موبائل فون کے ذریعے ہونے والے فراڈ پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کل لوگ لالچ دے کر موبائل پر او ٹی پی (OTP) منگواتے ہیں، اور جیسے ہی وہ شیئر کیا جاتا ہے، بینک سے پیسوں کا غبن کیا جاتا ہے۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی پیغام یا کال پر بغیر تصدیق کے اپنی معلومات شیئر نہ کریں۔
راتھوڑ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو رات 12 بجے کے بعد گھر سے باہر نہ نکلنے دیں اور ہر صورت میں رات بارہ بجنے سے پہلے گھر پہنچنے کی تاکید کریں۔ بھٹکل میں چوری کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اہل خانہ گھر پر تالہ لگا کر کہیں جا رہا ہے تو اپنے پڑوسیوں کو ضرور اطلاع دے اور قیمتی اشیاء، بالخصوص نقد رقم اور زیورات، محفوظ لاکر میں رکھ کر جائے۔ اگر کسی کو شہر سے باہر جانا ہو تو پولیس کو بھی مطلع کرے۔
آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پولیس کو اپنا دوست سمجھیں اور جرائم کے خاتمے میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔