ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نوائط محفل کی جانب سے نوائطی وڈیو گیت مقابلہ؛ نائطی زبان جاننے والے تمام بچے لے سکتے ہیں حصہ

بھٹکل: نوائط محفل کی جانب سے نوائطی وڈیو گیت مقابلہ؛ نائطی زبان جاننے والے تمام بچے لے سکتے ہیں حصہ

Sat, 26 Jul 2025 19:17:30    S O News
بھٹکل: نوائط محفل کی جانب سے نوائطی وڈیو گیت مقابلہ؛ نائطی زبان جاننے والے تمام بچے لے سکتے ہیں حصہ

بھٹکل، 26 جولائی (ایس او نیوز): نائطی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ، بقاء اور تحفظ کے مقصد سے قائم  نوائط محفل کی جانب سے بچوں کے لیے ایک آن لائن نوائطی وڈیو گیت مقابلے کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں نائطی زبان جاننے والے تمام بچے حصہ لے سکتے ہیں، خواہ وہ بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی، گیرسوپا، شیرور، بیندور، گنگولی، کنڈلور یا دیگر علاقوں کے باشندے ہوں۔

نوائط محفل نے دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم نائطی زبان جاننے والے بچوں کو اس مقابلے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقابلے کے تحت بچے اور بچیاں  اپنی پسند کا نوائطی گیت اپنی سریلی آواز میں گا کر ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے وہاٹس ایپ پر ارسال کر سکتے ہیں۔

اس تعلق سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے نوائط محفل کے سابق جنرل سکریٹری اور نوائطی گیت مقابلہ کمیٹی کے سرگرم رکن زُبیر جوکاکو نے بتایا کہ لڑکوں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 15 سال، جبکہ لڑکیوں کے لیے 10 سال مقرر کی گئی ہے۔ تمام ویڈیوز 4 اگست کی رات 9 بجے (انڈین وقت) سے قبل وہاٹس ایپ نمبرز 9742389007 یا 9448729384 پر موصول ہو جانی چاہئیں۔

زُبیر جوکاکو نے مزید وضاحت کی کہ بچے اور بچیاں اپنی پسند کی کوئی بھی نوائطی نظم یا گیت گھر پر ہی گا کر ویڈیو ریکارڈ کر سکتے ہیں۔ اس مرحلے میں زبانی یاد ہونا ضروری نہیں ہے، البتہ فائنل راونڈ میں منتخب ہونے کی صورت میں، اسٹیج پر زبانی طور پر گیت سنانا لازمی ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ موصول شدہ تمام ویڈیوز کی جانچ کی جائے گی اور ان میں سے لڑکوں کے دس اور لڑکیوں کے دس بہترین گیتوں کو فائنل راونڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا، جو 16 اگست کو منعقد ہوگا۔ فائنل مرحلے میں بچوں کو اسٹیج پر پانچ منٹ کے اندر اپنا گیت پیش کرنا ہوگا۔

نوائط محفل کے سرپرست جناب جان عبدالرحمن نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی شہر یا ملک میں رہائش پذیر نائطی زبان جاننے والے بچے اور بچیاں اس مقابلے میں حصہ لے سکتے ہیں، لیکن فائنل راونڈ کے لیے منتخب ہونے کی صورت میں انہیں بھٹکل آکر اسٹیج پر پرفارمنس دینا ہوگا۔

نوائط محفل کے جنرل سکریٹری اشتیاق احمد رکن الدین نے بتایا کہ گیت مقابلے کے کامیاب انعقاد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں نوفل دامودی کو کنوینر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اشتیاق نے یہ بھی بتایا کہ فائنل راونڈ میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے لڑکوں اور لڑکیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا، جبکہ منتخب شدہ تمام دس دس گیتوں کو نوائط محفل کے یوٹیوب چینل پر بھی نشر کیا جائے گا۔

اس موقع پر نوائط محفل کے سکریٹری اول عجائب شبیر، سکریٹری دوم محتشم عرفان، اقبال سعیدی اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔


Share: