بھٹکل، 2 / ستمبر (ایس او نیوز) غیر قانونی طور پر الیکٹرانک سگریٹ اور اس میں استعمال ہونے والی نکوٹین لکوڈ کے ریفل فروخت کرنے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مرڈیشور پولیس نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے ایک شخص کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء ضبط کر لی ۔
پولیس کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یکم ستمبر کو مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر (لا اینڈ آرڈر) ہنومنتا برادر کی طرف سے شکایت درج کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ الیکٹرانک سگریٹ اور اس میں استعمال ہونے والی اشیاء اپنے پاس رکھنا، تیار کرنا یا اسے فروخت غیر قانونی ہونے کے باوجود بھٹکل مخدوم کالونی کے رہائشی مسعود احمد میڈیکل ابن محمد اسماعیل (43 سال) کو مرڈیشور کے تیرن مکّی چرچ کے قریب یہ سامان فروخت کرتے ہوئے پایا گیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے عملے اور پنچوں کے ساتھ اس موقع پر چھاپہ ماری کی اور ملزم مسعود کے پاس سے ایلفبار بی سی 10000 برانڈ کے 9 الیکٹرانک سگریٹس، کلیان پرو 12000 پفس نامی 10 الیکٹرانک سگریٹس اور ای سگریٹس میں بھرا جانے والا 5 نکوٹین لکوِڈ کی ریفلس ضبط کی گئیں ۔ اس ضمن میں الیکٹرانک سگریٹس اور اس سے متعلقہ امتناعی قانون کی مختلف دفعات کے تحت ملزم کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔