بھٹکل ، 10 / جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ایک ڈگری کالج میں ایسا عجیب معاملہ پیش آیا ہے جس نے پرنسپال اور یونیورسٹی کو حیران کر دیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ تعلیم سال 2022-23 میں بھٹکل تلگوڈ کے رہنے والے روہیت کمار درگپّا نائک نامی ایک طالب علم نے ڈگری کالج میں داخلہ لیا ۔ لیکن حیران کن بات یہ ہوئی کہ روہیت کمار کے بجائے اس کے چھوٹے بھائی رنجیت کمار نے نہ صرف کلاسس میں باقاعدہ حاضری دی بلکہ امتحانات بھی دیتا رہا اور کالج کے پرنسپال سمیت دیگر ذمہ داران کو اس کی بھنک بھی نہیں لگی ۔
وہ تو خیر اچھا ہوا کہ حال ہی اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کے دوران رنجیت کمار نے خود ہی فریب کاری کے اس راز کا پردہ فاش کیا ۔ یہ سچائی جب سامنے آئی تو ایک شخص نے یونیورسٹی کے متعلقہ ذمہ داران کو خفیہ طور پر اطلاع دی ۔ جس کے بعد فوری طور پر یونیورسٹی کے افسران نے کارروائی کی اور اچانک ہی ڈگری کالج پر چھاپہ مار کر ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے کے ساتھ طالب علم روہیت کمار کے خلاف کارروائی کی ۔
اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈگری کالج کے پرنسپال ناگیش شیٹی نے کہا کہ ان دو بھائیوں کی طرف سے کی گئی اس فریب کاری کے تعلق سے ہمیں کوئی معلومات نہیں ہے ۔ روہیت کمار نامی طالب علم نے کالج میں داخلہ لینے کے بعد خود کالج میں حاضری دینے کے بجائے اپنے بھائی رنجیت کمار کو بھیجتا رہا اور اس نے پہلے سے لے کر چھٹویں سیمسٹر تک امتحان بھی دیا ہے ۔ اس کے علاوہ کالج کی تمام سرگرمیوں میں بھی شامل رہا ہے ۔ اور یہ راز اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کے دوران خود رنجیت کمار نے کھولا ہے ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی کے افسران نے روہیت کمار کو کالج سے نکال باہر کیا ہے ۔ تمام تفصیلات حاصل کرنے کے بعد میں اس معاملے میں اگلی کارروائی کروں گا ۔