ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کشتی حادثہ: لاپتہ ماہی گیروں میں ایک اور کی نعش 40 کلومیٹر دور برآمد

بھٹکل کشتی حادثہ: لاپتہ ماہی گیروں میں ایک اور کی نعش 40 کلومیٹر دور برآمد

Sat, 02 Aug 2025 19:22:30    S O News
بھٹکل کشتی حادثہ: لاپتہ ماہی گیروں میں ایک اور کی نعش 40 کلومیٹر دور برآمد

بھٹکل، 2 اگست (ایس او نیوز): تینگنگونڈی بندرگاہ کے قریب سمندر میں کشتی الٹنے کے حادثے میں لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں میں سے ایک اور کی نعش سنیچر کی شام ساڑھے پانچ بجے برآمد کرلی گئی ہے، جس کی شناخت مرڈیشور کے رہائشی 27 سالہ گنیش منجوناتھ موگیر کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ نعش بھٹکل سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب میں گنگولی کے قریب، ساحل سے تقریباً چار کلومیٹر دور سمندر کے وسط میں پائی گئی، جسے بوٹ  کے ذریعے بھٹکل کے منڈلی ساحل لایا گیا، جہاں سے اُسے پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔

ganesh-moger

کوسٹل سیکیورٹی پولیس کی پی ایس آئی وینا چتراپور نے نعش کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آج دوپہر کے بعد شروع کیے گئے سرچ آپریشن میں اُڈپی کے معروف غوطہ خور ایشور ملپے بھی شریک ہوئے، جنہوں نے مقامی ماہی گیروں کے ساتھ مل کر تلاشی میں حصہ لیا۔

ساحل آن لائن سے بات کرتے ہوئے ایشور ملپے نے بتایا کہ شام چھ بجے کے بعد سمندر کی لہریں شدید ہو گئیں، جس کے باعث تلاشی مہم روکنی پڑی۔ ان کے مطابق قریبی علاقے میں مزید دو نعشوں کی موجودگی کا شبہ ہے، تاہم خراب موسم کے باعث تلاش جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، اس لیے وہ فی الحال گنیش موگیر کی نعش لے کر بھٹکل واپس لوٹے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بھٹکل تعلقہ کے شرالی کے الوے کوڑی بندرگاہ سے چھ ماہی گیر ایک کشتی میں سوار ہوکر بحر عرب میں مچھلی کے شکار کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن طوفانی لہروں کے سبب کشتی اُلٹ گئی۔ دو ماہی گیر تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے، جبکہ چار لاپتہ ہوگئے۔ حادثے کے اگلے روز، یعنی جمعرات کو، ان میں سے ایک، 40 سالہ راما کرشنا موگیر کی نعش تنگنگونڈی کے قریب ہونے گیدّے ساحل پر برآمد ہوئی تھی۔

باقی تین لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے جمعہ اور ہفتہ کو کوسٹل سیکیورٹی پولیس نے ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا، مگر مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ تاہم ہفتہ کی دوپہر شروع کیے گئے سرچ آپریشن میں گنگولی سمندر سے گنیش کی نعش برآمد کرلی گئی، جسے کشتی کے ذریعے منڈلی لایا گیا اور وہاں سے پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔

چار میں سے دو لاپتہ ماہی گیروں کی نعشیں برآمد ہونے کے بعد اب الوے کوڑی کے ستیش تمپا موگیر اور مرڈیشور کے نشچت موگیر کی تلاش باقی ہے۔


Share: