بھٹکل ،4/ اکتوبر (ایس او نیوز) شہر کے جالی علاقے کے رہائشی درشن مہابلیشور نائک نے 'وکسیت بھارت کے رنگ' کے موضوع پر منعقدہ پینٹنگ مقابلے میں اول مقام حاصل کیا جس کے بعد اسے ملکی سطح پر منعقد ہونے والے مقابلے میں ریاست کی نمائندگی کے لئے منتخب کیا گیا ہے ۔
یہ مقابلہ پینٹنگ اور آرٹ کے مختلف زمروں کے تحت ملک کے مختلف علاقوں کے 75 مراکز میں 17 ستمبر تا 2 اکتوبر کے درمیان منعقد کیا گیا تھا ۔ کرناٹکا کے بینگلورو اور منگلورو میں اس مقابلے کے لئے دو مراکز قائم کیے گئے تھے ۔
بینگلورو میں بیچلر آف وژول آرٹس (بی وی اے) کی تعلیم حاصل کر رہے درشن نائک نے طلبہ کے لئے مختص زمرے کے تحت مقابلے میں حصہ لیا اور اس نے اول نمبر پر آتے ہوئے 25 ہزار روپے کا نقد انعام اپنے نام کر لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سال 2024 میں نیشنل ووٹر ڈے کے موقع پر بھی درشن مہابلیشور نائک نے گرافٹی یا دیواروں پر پینٹنگ بنانے کے مقابلے میں حصہ لیا تھا اور ریاستی سطح پر اول انعام جیتا تھا۔
پینٹنگ کے فن میں بے مثال صلاحیتوں کے مالک درشن نائک کی حالیہ کامیابی پر بھٹکل تعلقہ کے مختلف اداروں اور ذمہ داروں نے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔