ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: سوئمنگ پول میں گر کر 5 سالہ معصوم بچے کی موت

بھٹکل: سوئمنگ پول میں گر کر 5 سالہ معصوم بچے کی موت

Thu, 20 Nov 2025 21:30:25    S O News
بھٹکل: سوئمنگ پول میں گر کر 5 سالہ معصوم بچے کی موت

بھٹکل 20 نومبر(ایس او نیوز):جالی سمندر کے قریب واقع ایک ریسارٹ میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثہ میں ایک پانچ سالہ معصوم بچے کی موت واقع ہوگئی، جس کی شناخت محمد مستقیم شیخ کے طورپرکی گئی ہے، جو ایک مدرسہ کے استاذ مولوی شاہداللہ اور ایک مدرسہ کی معلمہ کا فرزند تھا۔

اطلاعات کے مطابق بچہ اپنی والدہ اور چھوٹی بہن کے ساتھ جالی سمندر کے قریب واقع ایک پرائیویٹ ریسارٹ میں اپنے والد کے پہنچنے کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی دوران، جب والدہ اپنی بیٹی کو رفع حاجت کے لیے چند قدم آگے لے کر گئی، تو معصوم بچے کا پیر پھسل گیا اور وہ تقریباً پانچ فٹ گہرے سوئمنگ پول میں گر پڑا۔

بچے کے پانی میں گرنے کی آواز سنتے ہی والدہ فوراً اس کی مدد کے لیے پہنچی اور اسے پانی سے باہر نکالا۔ ریسارٹ کے باہر موجود چند نوجوان بھی فوری طور پر مدد کے لیے دوڑے، جنہوں نے بچے کے جسم سے پانی نکالنے اور اس کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، پھر فوری طور پراسے ایک بائک کے ذریعے پرائیویٹ اسپتال لے گئے۔ تاہم  اسپتال پہنچنے سے قبل ہی معصوم بچہ راہیِ جنّت ہوچکا تھا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ یہ المناک واقعہ جمعرات شام تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔

بعد ازاں بچے کی میت کو تعلقہ سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد رات تقریباً آٹھ بجے اسے اہلِ خانہ کے حوالے کردیا گیا۔

bhatkal-boy-dies-2

معلوم ہوا ہے کہ معصوم بچہ ایک مدرسہ میں اطفالِ اوّل (ایل کے جی) کا طالب علم تھا۔ حادثے کی خبر پھیلتے ہی مدرسہ کے اساتذہ سمیت بڑی تعداد میں لوگ سرکاری اسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے والدین اوردیگر اہل خانہ  سے تعزیت کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی۔ جب میت کو آزاد نگر میں امام شافعی مسجد کے قریب واقع گھر لایا گیا تو وہاں بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے، جنہوں نے اس اندوہناک واقعے پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا۔

نوائط کالونی تنظیم ملیہ مسجد میں نماز جنازہ کے بعد رات قریب ایک بجے نوائط کالونی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔

واقعے کے سلسلے میں بھٹکل ٹاون پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔


Share: