ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو میں طوفانی ہوائیں اور شدید بارش، 17 اضلاع میں یلو الرٹ

بنگلورو میں طوفانی ہوائیں اور شدید بارش، 17 اضلاع میں یلو الرٹ

Wed, 14 May 2025 19:57:47    S O News
بنگلورو میں طوفانی ہوائیں اور شدید بارش، 17 اضلاع میں یلو الرٹ

بنگلورو، 14/مئی (ایس او نیوز) بنگلور وکے کئی علاقوں میں منگل کی شام شدید آندھی، ژالہ باری اور بارش نے نظام زندگی کو متاثر کر دیا۔ تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے، جس سے ٹریفک کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔ بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا۔

شہر کے مرکزی علاقے جیسے میجسٹک، شیواجی نگر، ملیشورم، راجاجی نگر، یشونت پور، ریس کورس، آئندراو سرکل، مائتری سرکل، ودھان سودھا، شیوانند سرکل اور کے آر سرکل کے اطراف میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔بارش  کی وجہ سے کئی  سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا تھا اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے بی ایم ٹی سی کی بسوں میں بھی پانی داخل ہوتا ہوا دیکھا گیا۔

بانسواڑی اور کلیان نگر میں تیز ہوا کے باعث کئی گھروں کی چھتیں گر گئیں۔ مانیتا ٹیک پارک میں شدید بارش ہوئی، جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور کئی کلومیٹر تک ٹریفک جام ہوگیا۔ ٹیک پارک کا داخلی راستہ مکمل طور پر ڈوب گیا تھا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گرے، اور کئی گھروں کے قریب درختوں نے گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ونڈسن میانرانڈر پاس سے پیالس گراؤنڈ تک سڑک پر درختوں کی ٹوٹ کر گِری ہوئی شاخیں پڑی ہوئی تھیں۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ ریاست بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ ساحلی اور جنوبی اندرونی علاقوں کے 17 اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، اور پانچ اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئیاں کی گئی ہیں۔ آئندہ دنوں میں ہاویری، بیدر، رائچور، وجئے پورہ اور بیلاری اضلاع میں بارش ہو سکتی ہے، اور عوام کو گرج، بجلی اور طوفان سے احتیاط کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دکشن کنڑا، اُڈپی، اُترکنڑا، بیلگاوی، دھارواڑ، گدگ، ہاویری، وجئے پورہ، چامراج نگر، ہاسن، منڈیا، میسورو، شیموگہ اور ٹمکورو اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں (40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ) کے ساتھ بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، اور درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔


Share: