کنداپور 3 / ستمبر (ایس او نیوز) کنداپور پولیس نے ایک شخص سے جبری رقم وصولی کے معاملے میں ایک خاتون سمیت چھ ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت بیندور کے رہنے والے عبدالصواد عرف اچّھو (28 سال)، گلواڈی کے رہنے والے سیف اللہ (38 سال)، ہنگلور کے رہنے والے محمد ناصر شریف (36 سال)، کنداپور کمباشی کے رہنے والے عبدالستار (23 سال)، شیموگہ ناگوڈی کے رہنے والے عبدالعزیز (26 سال) کے علاوہ کنداپور کی رہائشی اسما (43 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ سندیپ کمار نامی ایک شخص نے کنداپور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی کہ تقریباً تین مہینے قبل جب وہ کنداپور میں آیا تھا تو اس وقت عبدالصواد عرف اچّھو نامی شخص سے اس کی ملاقات ہوئی تھی۔ پھر صواد نے اسے اسما نامی خاتون سے متعارف کروایا تھا ۔ اس خاتون نے 2 ستمبر کو اسے کنداپور آنے کو کہا اور جب وہ کنداپور میں آ کر ایک پٹرول بنک کے پاس اسما سے ملا تو مبینہ طور پر وہ اسے اپنے گھر لے گئی ۔ پھر وہاں اس نے محمد ناصر شریف نامی ایک شخص کو بلایا اور ناصر نے وہاں پہنچ کر سندیپ کمار کو چاقو کی نوک پر دھمکاتے ہوئے 3 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ رکھا ۔
کمار کا کہنا تھا کہ جب اس نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تواسے نائلون کی رسی سے باندھ دیا گیا اور اس کے بعد ایک اور ملزم سیف اللہ نے لوہے کی سلاخ سے کمار کے کندھے اور پیٹھ پر ضرب لگائی ۔ پھر ان لوگوں نے اس کی جیب میں موجود 6,200 روپئے نقد چھین لیے ۔
سندیپ کمار کے مطابق ملزمین نے دھمکاتے ہوئے گوگل پے کے ذریعے رقم ٹرانسفر کرنے کے لئے اس پر دباو ڈالنا شروع کیا ۔ ان کی دھمکیوں اور خوف کی وجہ سے اس نے پہلے 5000 روپے ، پھر اس کے بعد 10,000 روپے اور پھر 20,000 روپے سیف اللہ کے اکاونٹ میں ٹرانسفر کیے ۔ اس کے بعد ملزمین نے اس کا اے ٹی ایم کارڈ چھین لیا اور اس کا پاس ورڈ معلوم کرنے کے بعد مزید 40,000 روپے اکاونٹ سے نکال لیے اور کارڈ بھی اپنے پاس رکھتے ہوئے رات تقریباً 11.30 بجے اس کو دھمکی کے ساتھ چھوڑ دیا کہ اگر اس نے اس معاملے میں پولیس کے پاس شکایت کی تو اسے جان سے مار دیا جائے گا ۔
سندیپ کمار کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کنداپور پولیس نے جبری رقم وصولی کے معاملے میں ملوث اس گروہ کا پردہ فاش کیا اور انہیں گرفتار کرتے ہوئے عدالت میں پیش کیا ۔ ملزمین کے پاس سے جرم انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی دو کاریں ضبط کیں گئی ہیں جن کی مجموعی قیمت کا اندازہ 18 لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔