ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُترکنڑا کے مُنڈگوڈ ماڈل اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 41 طلبہ بیمار؛ والدین میں تشویش

اُترکنڑا کے مُنڈگوڈ ماڈل اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 41 طلبہ بیمار؛ والدین میں تشویش

Sat, 29 Nov 2025 22:12:49    S O News
اُترکنڑا کے مُنڈگوڈ ماڈل اسکول میں دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 41 طلبہ بیمار؛ والدین میں تشویش

بھٹکل 29/نومبر (ایس او نیوز): ضلع اُترکنڑا کے مُنڈگوڈ میں قائم ایم ایل اے ماڈل ہائر پرائمری اسکول میں جمعہ کے روز اس وقت ہلچل مچ گئی جب دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد 41 طلبہ کی طبیعت اچانک طبیعت بگڑ گئی اور اُنہیں سرکاری اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق، کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد ایک طالبہ نے پلیٹ میں چوہے کے بال جیسی کوئی چیز دیکھنے کا دعویٰ کیا، جس کے بعد اسے گھبراہٹ اور قے ہونے لگی۔ یہ خبر دیکھتے ہی دیکھتے دیگر کلاسوں تک پھیل گئی اور متعدد بچوں نے بھی قے، متلی اور پیٹ درد کی شکایت کرتے ہوئے اساتذہ کو مطلع کیا۔ تاہم چوہے کے بال ملنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔

کچھ طلبہ پیٹ درد کی شکایت کرتے ہوئے اپنے والدین کے ساتھ سرکاری اسپتال پہنچے۔ ایک ہی وقت میں کئی بچوں کے داخل ہونے سے اسپتال میں والدین کی بھیڑ لگ گئی اور خوف و تشویش کا ماحول پیدا ہوگیا۔ کچھ والدین نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔ بعدازاں ہاسٹل اور گھروں میں موجود چند بچوں نے بھی شام میں پیٹ درد کی شکایت کے بعد اسپتال میں خود کو داخل کروایا۔

ادھر محکمہ صحت کے افسران شری شیئل پٹن شیٹی اور ناگیا ہیرے مٹھ کی قیادت میں ایک ٹیم اسکول پہنچی اور دوپہر کے کھانے، پکانے کے برتنوں اور بچوں کے پینے کے پانی کے نمونے حاصل کئے۔ ٹیم نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ اگر کسی بچے میں مزید علامات ظاہر ہوں تو فوراً اسپتال منتقل کیا جائے۔

mundgod-school-meal-2

مقامی رکنِ اسمبلی شیورام ہیبّار نے اسپتال پہنچ کر بچوں کی صحت کے بارے میں ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ: “اسکول میں 700 سے زیادہ طلبہ نے کھانا کھایا تھا، جن میں سے 41 متاثر ہوئے ہیں، اس لئے والدین کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اگر کھانا واقعی خراب ہوتا تو زیادہ بچے بیمار ہوتے۔ پھر بھی معاملے کی مکمل جانچ کے لئے میں نے تعلقہ پنچایت کے ایکزی کوٹیو آفسر کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تمام بچے اب محفوظ ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسکول میں پیش آنے والا اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے، اور اگر لیبارٹری رپورٹ میں کھانے میں آلودگی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر سابق ایم ایل اے وی ایس پاٹل، تحصیلدار شَنکر گَوَڈی، تعلقہ پنچایت کے  ایکزی کوٹیو آفسر ٹی وائی داسن کوپّا، ٹاؤن پنچایت کے چیف آفیسر سنتوش کمار، کے ڈی سی سی بینک کے ڈائریکٹر ایچ ایم نائک، ٹی اے پی سی ایم ایس کے صدر روی گَوڈا پاٹل، اور محکمہ صحت کے عہدیداران موجود تھے۔


Share: