نئی دہلی 21/نومبر (ایس او نیوز) 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ایک کیس کی سماعت کرتے ہوئے، دہلی کی ایک عدالت نے پیر کو سات ملزمان کو تمام الزامات سے بری کردیا اور کہا کہ استغاثہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہا کہ ملزمین اس فسادی ہجوم کا حصہ تھے جو شکایت کنندہ کی دکان پر آتش زنی، توڑ پھوڑ اور چوری میں ملوث فسادی ہجوم کا حصہ تھے۔
ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل ان سات افراد کے خلاف کیس کی سماعت کر رہے تھے، جن پر 24-25 فروری 2020 کی درمیانی رات کو دہلی کے بھاگیرتھی وہار میں شکایت کنندہ سلمان ملک کی دکان کو نذر آتش کرنے والے ہجوم کا حصہ ہونے کا الزام تھا۔
استغاثہ کے اہم گواہ نثار احمد نے اپنے موبائل فون پر ایک ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس میں چاروں ملزمان کی شناخت کی گئی۔ تاہم، عدالت نے کہا کہ ویڈیو کو جانچ کے لئے فارنسیک لیباریٹری نہیں بھیجا گیا تھا اس لئے وڈیو پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔اس کے علاوہ جج نے نشاندہی کی کہ سلمان ملک کی دکان پر آتشزدگی اور توڑ پھوڑ کے واقعے کی ویڈیو عدالت کے سامنے نہیں رکھی گئی۔ "ان حالات میں، دکان پر ہونے والے واقعے میں ملزمان کے ملوث ہونے کا اندازہ لگانے کے لیے استغاثہ کے گواہ نمبر6 (احمد) کے چشم کشا ثبوتوں پر بھروسہ کرنا صحیح نہیں ہے۔
گوکل پوری پولیس اسٹیشن نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت بابو، دنیش یادو، ٹنکو، سندیپ، گولو کشیپ، وکاس کشیپ اور اشوک کے خلاف فسادات، آتش زنی اور چوری میں شامل ہونے کی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
جج نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا، ’’استغاثہ بھیڑ میں ملزمان کی موجودگی کو معقول شک سے بالاتر ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، جس کے نتیجے میں تمام ساتوں ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔‘‘