منگلورو، 23 / جون (ایس او نیوز) اینے پویا ہاسپٹل کے پاس بیچ سڑک پر بس ڈرائیور کی طبیعت بگڑ گئی اور بے قابو ہو کر ڈیوائڈر پر چڑھ گئی ، مگر خوش قسمتی سے کسی بھی بس میں سوار کسی بھی فرد کو جسمانی نقصان نہیں پہنچا جبکہ ڈرائیور کو سنگین حالت میں اینے پویا ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ گوپال کرشنا کمپنی کی بس مسافروں کو لے کر منگلورو سے موڈوپو کی طرف جا رہی تھی ۔ اس دوران بس کے ڈرائیور جناردھنا کا بلڈ پریشر اچانک ہی کم ہو گیا اور بس پر قابو رکھنا اس کے لئے مشکل ہو گیا ۔ اس دوران اس نے بس کو سڑک پر موجود ڈیوائڈر کی طرف موڑ دیا جس کے بعد بس ڈیوائڈر پر چڑھ کر رک گئی ۔ اس غیر متوقع صورت حال سے بس کے اندر موجود مسافروں میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔
موقع کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے کنڈکٹر اور بعض مسافروں نے مل کر ایمبولینس کا انتظام کیا اور تکلیف میں مبتلا ڈرائیور کو فوری طور پر اینے پویا ہاسپٹل میں منتقل کیا جہاں ہنگامی طور پر ڈرائیور کا علاج شروع کیا گیا مگر اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ بس کے بے قابو ہونے میں کوئی میکانیکل غلطی یا ناکامی نہیں تھی بلکہ ڈرائیور کی طبیعت اچانک بگڑنے کی وجہ سے ہی یہ صورت حال پیدا ہوئی تھی ۔