ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 2000روپئے کے نوٹ بدلنے کاآج آخری دن، بینکوں میں 96فیصد سے زیادہ نوٹ واپس آگئے، 12 ہزار کروڑ روپئے کی کرنسی آنی باقی

2000روپئے کے نوٹ بدلنے کاآج آخری دن، بینکوں میں 96فیصد سے زیادہ نوٹ واپس آگئے، 12 ہزار کروڑ روپئے کی کرنسی آنی باقی

Sat, 07 Oct 2023 12:03:39    S.O. News Service

نئی دہلی،7/اکتوبر(ایس او نیوز /ایجنسی)7 /اکتوبر کو 2000 روپے کا نوٹ بینک میں جمع کرانے یا اسے دوسرے نوٹ میں تبدیل کرنے کا آخری دن ہے- اس سے پہلے آج یعنی جمعہ کو آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ 2000 روپے کے 96فیصد سے زیادہ نوٹ بینک میں واپس آچکے ہیں، جن کی مالیت 3.43لاکھ کروڑ روپے ہے، اس میں سے 87فیصد نوٹ بینک میں جمع کرائے گئے ہیں - باقی نوٹوں کو دوسرے نوٹوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ فی الحال تقریباً 12ہزار کروڑ روپے مالیت کے 2000روپے کے نوٹ چل رہے ہیں، جن کی آمد ابھی باقی ہے- اس سے پہلے نوٹوں کے تبادلے کا آخری دن 30 ستمبر تھا، لیکن آر بی آئی نے اس کی آخری تاریخ 7 /اکتوبر 2023 تک بڑھا دی تھی-

7/اکتوبر کے بعد آر بی آئی کے دفتر میں نوٹ بدلے جائیں گے-بینک میں نوٹ جمع کرنے کی آخری تاریخ کے بعد2000 روپے کے نوٹوں کو آر بی آئی کے 19 ایشو دفاتر میں تبدیل یا جمع کیا جا سکتا ہے- 2000 کے نوٹ ایک وقت میں 20 ہزار روپے تک تبدیل کیے جا سکتے ہیں - دوسری طرف اگر آپ اسے اپنے بینک اکاؤنٹ میں جمع کروانا چاہتے ہیں، تو آپ ایشو آفس کے ذریعے 2000کے کسی بھی نوٹ کو جمع کر سکتے ہیں -

2000 کا نوٹ 2016 میں آیا تھا-2000 روپے کا نوٹ نومبر 2016 میں مارکیٹ میں آیا تھا- تب وزیر اعظم نریندر مودی نے 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا- ان کی جگہ نئے پیٹرن میں 500اور 2000روپے کے نئے نوٹ جاری کیے گئے تھے- تاہم آر بی آئی نے سال 2018-19 سے 2000 روپے کے نوٹوں کی چھپائی روک دی ہے- جبکہ 2021-22 میں 38 کروڑ روپے کے 2000 کے نوٹوں کو تباہ کر دیا گیا-


Share: