ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : کرایے کی کار چھیننے کی کوشش - مفرور ملزمین کو پولیس نے کیا گرفتار

ہوناور : کرایے کی کار چھیننے کی کوشش - مفرور ملزمین کو پولیس نے کیا گرفتار

Tue, 23 Aug 2022 11:58:46    S.O. News Service

ہوناور ،23؍ اگست (ایس او نیوز) منگلورو سے سبرامنیا مندر جانے کے بہانے کار کرایے پر لینے کے بعد راستے میں ڈرائیور حملہ کرکے کار چھیننے کی کوشش کرنے اور پھر فرار ہونے والے تین ملزمین کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔ 
    
 ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کے نام  گلبرگہ افضل پور کے رہنے والے سنگمیش شیوشرنپّا الگی ، سنتوش شیو شرنپا بھجرنتی اور شرون کمار شنکرپّا کولولّی بتایا گیا ہے ۔ 
    
ان تین ملزمین نے منگلورو بس اسٹائنڈ کے پاس واقع ٹیکسی اسٹینڈ سے سبرامنیا مندر جانے کے لئے کار کرایے پر حاصل کی ۔ پھر ان لوگوں نے سبرامنیا کی طرف جانے کے بجائے کار ڈرائیور عبدالرجمٰن کو مرڈیشور مندر لے جانے کے لئے کہا ۔ جب کار مرڈیشور مندر کے مین گیٹ کے پاس پہنچی تو انہوں نے ڈرائیور کو گاڑی ہائی وے پر ہی آگے بڑھانے کے لئے کہا ۔ تب ڈرائیور نے ان سے کہا کہ گاڑی میں زیادہ ڈیزل نہیں ہے اس لئے ڈیزل کے لئے رقم دی جائے ۔ ان تینوں نے نقدی اپنے پاس نہ ہونے اور اے ٹی ایم سے رقم نکال کر دینے کی بات کہتے ہوئے گاڑی آگے بڑھانے کو کہا ۔
    
جب کار گونونتے گرام کے قریب پہنچی تو کار چھین لینے کی نیت سے سنگمیش نامی مسافر نے اپنے جیب سے چاقو نکال کر ڈرائیور کی گردن پر رکھتے ہوئے گاڑی سڑک کے کنارے لگانے اور ڈرائیور کو کار سے اتر جانے کو کہا ۔ جب ڈرائیور کار سے نہیں اترا تو تینوں نے مل کر اس کو کار سے باہر دھکیل دیا ۔ پھر سنگمیش نے ڈرائیور کے ہاتھ سے کار کی چابی چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران ڈرائیور کا سیدھا ہاتھ زخمی ہو گیا ۔ ڈرائیور کی چیخیں سن کر جب قریب میں موجود کار کی طرف لپکے تو ملزمین گھبرا گئے اور قریب میں واقع کھیتوں کی طرف  بھاگ نکلے ۔
    
اس ضمن میں کار ڈرائیور نے منکی پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی تو پی ایس آئی اشوک مالاباگی نے کارروائی کرتے ہوئے واردات کے 24 گھنٹے کے اندر ہی ہوناور کے ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ سے تینوں ملزمین کو گرفتار کر لیا ۔ اس کے بعد ملزمین کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ۔ 


Share: