نئی دہلی،29 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)ہندوستان میں نئے کورونا وائرس کے کل 6 کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں۔ یہ اطلاع حکومت ہند نے منگل کو دی۔ یو کے سے واپس ہوئے 6 افراد میں یہ نئی علامات ملی ہیں۔ ان میں سے 3بنگلور، 2 حیدرآباد اور ایک پونے کی لیب کے نمونے میں نیا کورونا دریافت ہوا ہے۔
برطانیہ سے آنے والے لوگوں کی جینوم اسکیونگ کی گئی تھی، جس کی رپورٹ منگل کو جاری کی گئی ہے۔ جس میں مختلف لیب میں ٹیسٹ کئے گئے سیکشن کے بارے میں بتایا گیا۔ 25 نومبر سے 23 دسمبر تک تقریبا 33 ہزار افراد یوکے سے واپس آئے۔ سب کا سراغ لگا کر جانچ کروایا گیا۔ ان میں سے مجموعی طور پر 114 افراد کورونا پوزیٹیو ملے۔ جس کے بعد یہ تمام نمونے ملک کی 10 لیب (کولکاتہ، بھونیشور، این آئی وی پونے، سی سی ایس پونے، سی سی ایم بی حیدرآباد، سی سی ایف ڈی حیدرآباد، انسٹم بنگلورو، نیم ہنس بنگلورو، آئی جی آئی بی دہلی، این سی ڈی سی دہلی) کو بھیجے گئے تھے۔ان میں سے 6 افراد کے نمونے میں نئے کورونا کا انکشاف ہوا ہے۔
ان تمام لوگوں کو ریاستی حکومت کے ذریعہ ایک سیلف آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ ان کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد کو قرنطین کردیا گیا ہے، دوسرے مسافروں سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ حکومت کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 23 دسمبر سے 31 دسمبر تک برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ برطانیہ سے واپس آنے والے لوگوں کے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، جس کے بعد ان کے نمونوں کی جینوم سکوینسنگ کی جانچ کی جارہی ہے۔
نئے کورونا کے بارے میں جاننے کے بعد ہی نیشنل ٹاسک فورس کا ایک بڑا اجلاس ہوا اور اس نے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ نئے کورونا کا آغاز برطانیہ سے ہوا ہے، جس کے بعد یورپ کے متعدد ممالک میں اس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ابھی تک ڈنمارک، نیدرلینڈز، آسٹریلیا، اٹلی، سویڈن، فرانس، اسپین، سوئٹزرلینڈ، جرمنی، کینیڈا، جاپان، لبنان، سنگاپور میں کورونا کے نئے کیسز دریافت ہوئے ہیں۔