ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: کم عمر لڑکے کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے پر خاتون پر لگا 25 ہزار روپے جرمانہ

بھٹکل: کم عمر لڑکے کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے پر خاتون پر لگا 25 ہزار روپے جرمانہ

Wed, 03 Jun 2026 17:21:46    S O News
بھٹکل: کم عمر لڑکے کو گاڑی چلانے کی اجازت دینے پر خاتون پر لگا 25 ہزار روپے جرمانہ

بھٹکل، 3/ جون (ایس او نیوز): مرڈیشور پولیس کی جانب سے نابالغ بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف جاری سخت مہم کے دوران ایک اور اہم کارروائی سامنے آئی ہے۔ کم عمر لڑکے کو دو پہیہ گاڑی چلانے کی اجازت دینے کے جرم میں ایک خاتون پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مرڈیشور پولیس تھانے کی حدود میں اس نوعیت کا یہ تیسرا مقدمہ ہے، جس سے پولیس کے سخت رویے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

پولیس کے مطابق نیشنل کالونی کی رہائشی سیما اختر نے اپنی دو پہیہ گاڑی ایک نابالغ لڑکے کے حوالے کر دی تھی۔ معاملہ پولیس کی نظر میں آنے کے بعد مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی ہنومنت بیرادر نے تحقیقات مکمل کرتے ہوئے موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 5 اور 199(A) کے تحت گاڑی کی مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا اور بھٹکل کی سینئر سول عدالت میں چارج شیٹ پیش کی۔

معاملے کی سماعت کے بعد عدالت نے گاڑی کی مالک کو قصوروار قرار دیتے ہوئے 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا.

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ مرڈیشور پولیس حالیہ دنوں میں نابالغ بچوں کی ڈرائیونگ کے خلاف مسلسل کارروائیاں انجام دے رہی ہے اور اب تک اس نوعیت کے تین مقدمات عدالت تک پہنچ چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کم عمر بچوں کے ہاتھوں میں گاڑیوں کی چابیاں دینا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ان کی اور دوسروں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

پولیس نے والدین اور گاڑی مالکان کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی نابالغ کو گاڑی چلاتے ہوئے پایا گیا تو صرف بچے ہی نہیں بلکہ گاڑی کے مالک کو بھی قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا.

Click here for report in English


Share: