بنگلورو ، 6/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں تشکیل پانے والی نئی کرناٹک کابینہ کے قلمدانوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ گورنرِ کرناٹک تھاور چند گہلوٹ کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کابینہ کے 13 وزراء کو مختلف محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے محکمۂ خزانہ، کابینہ امور، محکمۂ عملہ و انتظامی اصلاحات (DPAR)، انٹیلی جنس اور دیگر غیر مختص محکمے اپنے پاس رکھے ہیں۔
جبکہ ڈاکٹر جی پرمیشور (نائب وزیر اعلیٰ) — محکمۂ مالگزاری (ریونیو) اور کھیل کود، کے ایچ منی اپّا — خوراک، شہری رسدات اور امورِ صارفین، کے جے جارج — توانائی اور سیاحت، ایم بی پاٹل — بنیادی ڈھانچہ ترقیات، بڑی اور متوسط صنعتیں، رام لنگا ریڈی — آبی وسائل (واٹر ریسورسز)، ستیش جارکی ہولی — محکمۂ تعمیراتِ عامہ، کرشنا بائرے گوڑا — گریٹر بنگلورو ترقیات، گریٹر بنگلورو اتھارٹی، بنگلورو کی شہری کارپوریشنیں، بی ڈبلیو ایس ایس بی اور بی ایم آر سی ایل۔
پریانک کھرگے — محکمۂ داخلہ (انٹیلی جنس کے علاوہ)، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بایو ٹیکنالوجی اور ای-گورننس، یو ٹی قادر — محکمۂ صحت و خاندانی بہبود، ایشور کھنڈرے — دیہی ترقی اور پنچایت راج، ڈاکٹر یتھیندر سدارامیا — شہری ترقی، کرناٹک اربن واٹر سپلائی اینڈ ڈرینیج بورڈ، کے یو آئی ڈی ایف سی اور دیگر شہری ترقیاتی ادارے، بیراتی سریش — محکمۂ ٹرانسپورٹ، ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل — طبی تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی (اسکل ڈیولپمنٹ)۔
سیاسی حلقوں میں سب سے زیادہ توجہ پریانک کھرگے کو داخلہ محکمہ، یو ٹی قادر کو صحت، ڈاکٹر جی پرمیشور کو مالگزاری، کرشنا بائرے گوڑا کو بنگلورو ترقیات اور بیراتی سریش کو ٹرانسپورٹ کا قلمدان دیے جانے پر مرکوز رہی۔
مبصرین کے مطابق نئی کابینہ میں تجربہ کار اور نوجوان قیادت کے امتزاج کے ساتھ ریاست کی مالیات، شہری ترقی، صحت، داخلہ، صنعت، بنیادی ڈھانچے اور دیہی ترقی کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی قیادت میں نئی حکومت سے عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور انتظامی اصلاحات کو مزید رفتار ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔