ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوتوا لیڈر پروین توگڑیا نے پھراُگلا زہر؛ نئے آئین کے ذریعے مسلمانوں کو اقتدارسے باہر رکھنے کاظاہر کیا منصوبہ

ہندوتوا لیڈر پروین توگڑیا نے پھراُگلا زہر؛ نئے آئین کے ذریعے مسلمانوں کو اقتدارسے باہر رکھنے کاظاہر کیا منصوبہ

Sun, 15 Jan 2023 11:00:54    S.O. News Service

نئی دہلی ، 15؍جنوری(ایس او نیوز؍ایجنسی )مسلمانوں کے خلاف زہر اُگلنے والے ہندوتوا لیڈر اورانٹرنیشنل ہندو پریشد صدر پروین توگڑیا نے اپنے تازہ بیان میں پھر ایک بار مسلمانوں کے خلاف جم کر زہر اگلا ہے، حالانکہ ملک میں بی جے پی کی حکومت ہے اورمسلمانوں کے خلاف ملک بھر میں نفرت پھیلانے کا کام جاری ہے، لیکن اس کے باوجود توگڑیا نے کہا کہ ہم جب عہدہ سنبھالیں گے تو ہندوستانی آئین میں صرف ہندوؤں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترمیم کریں گے۔

میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق توگڑیا نے کہاکہ جب ہم عہدہ پر آئیں گے تو ہم ہندوستان کے آئین کو دوبارہ لکھیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی مسلمان اقتدار کے عہدے کیلئے منتخب نہ ہو۔ انہوں نے ملک میں آبادی کنٹرول قانون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دو سے زیادہ بچے والے لوگوں کو سبسڈی والے اناج کی فراہمی نہیں کی جائے گی۔ سرکاری اسپتالوں میں مفت صحت کی دیکھ بھال یا سرکاری اسکولوں میں تعلیم کی سہولت نہیں ہوگی۔ سرکاری بینکوں سے قرضوں کیلئے درخواست دینے کا کوئی حق، ووٹ کا حق اور سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دینے کا حق نہیں ہوگا۔

ان کے مطابق، یہ اقدامات دیگر اقلیتی برادریوں خصوصاً مسلمانوں کی تعداد میں تیزی سے کمی کی ضمانت دیں گے۔بعد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے توگڑیا نے کہا کہ انہوں نے ویر ہندو وجیتا ہندو کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے، جس میں دو کروڑ سے زیادہ نوجوان ہندو مردوں اور عورتوں کو ترشول فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جسمانی سرگرمیوں میں مشغول ہوں گے، کھو کھو، کرکٹ، کبڈی اور بیڈمنٹن جیسے کھیلوں میں حصہ لیں گے، وجے دشمی تہوار کے دوران ہتھیاروں کی پوجا کریں گے اور ہندو مذہب کو بچانے کیلئے ریاستی پولیس فورس میں شامل ہوں گے۔

 


Share: