وارانسی،7؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) وارانسی کی ضلع عدالت جوآج گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری معاملے پر اہم فیصلہ سنانے والی تھی، لیکن اس سلسلے میں دونوں فریقین کو مزید انتظار کرنا ہوگا کیونکہ عدالت نے اس معاملے کا فیصلہ 11 اکتوبر کو سنانے کی بات کہی ہے۔
بتاتے چلیں کہ گیان واپی مسجد کے وضو خانہ میں فوارے کے پتھر پر ہندو فریق نے شیولنگ کا پتھر ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اور دعویٰ کیا تھا کہ یہ وشویشور شیولنگ کا پتھر ہے۔ حالانکہ مسلم فریق کا کہنا ہے کہ وہ فوارہ ہے جو عرصہ دراز سے بند ہے۔ اس معاملے میں ہندو فریق نے کاربن ڈیٹنگ کرانے کی عرضی داخل کی تھی، لیکن مسلم فریق نے اس کی مخالفت کی تھی۔ گزشتہ سماعت میں وارانسی ضلع کورٹ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کہا تھا کہ 7 اکتوبر کو فیصلہ سنایا جائے گا۔
مگر وارانسی کی عدالت نے آج جمعہ کو پانچ خواتین عرضی گزاروں کی طرف سے گیان واپی مسجد کے اندر ڈھانچے کی کاربن ڈیٹنگ کی درخواست پر فیصلہ کو 11 اکتوبر تک کے لئے ملتوی کر دیا۔بنچ نے کہا کہ فیصلہ منگل کو دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔
آج عدالت کی کارروائی شروع ہونے سے قبل زبردست پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی تھی۔ اس دوران عدالت میں دونوں فریقین کے لوگ موجود تھے۔ ہندو فریق کی طرف سے گیان واپی-شرنگار گوری معاملے میں چاروں عرضی گزار خواتین اور ان کے وکیل وشنو شنکر جین اور ہری شنکر جین عدالت پہنچے تھے۔ اس کے علاوہ سرکاری وکیل مہندر پرساد پانڈے بھی ضلع جج کی عدالت میں موجود تھے۔