گلبرگہ،31/اگست (ایس او نیوز/راست) گلبرگہ شمال ایم ایل اے محترمہ کنیز فاطمہ نے ریاستی حکومت کے سو دنوں کے کامیاب سفر پر وزیر اعلیٰ سدرامیا، اے آئی سی سی صدر ڈاکٹر ملیکارجن کھرگے، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار، ریاستی وراء اور پارٹی لیڈروں کو مبارکباد پیش کی اور ان سو دنوں کو مثالی قرار دیا۔
انھوں امید ظاہر کی کہ ماباقی معیاد میں بھی کانگریس حکومت عوام کی امیدوں اور اعتماد پر کھرا اترے گی۔ گلبرگہ کے کلکتہ فنکشن ہال میں گروہا لکشمی یوجنا کی اجرائی کے موقع پر کثیر مجموعے کو خطاب کرتے ہوئے محترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں جو پانچ گیارنٹیز دئے تھے، اس کو سو دنوں میں تکمیل کیا جا رہا ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
انھوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کے مالی و اقتصادی مسائل کو سمجھتی ہے، اسلئے عوام کے معاشی بوجھ کو کم کرنے کیلئے ہی یہ پانچ گیارنٹیز کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان پانچ گیارنٹیز سے ہر خاندان کو ماہانہ کم از کم پانچ ہزار روپیوں کا فائدہ مل رہا ہے۔ اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے محترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ شہر گلبرگہ ایک لاکھ28ہزار خواتین سمیت پورے ضلع گلبرگہ میں تین لاکھ خواتین نے گرہا لکشمی یوجنا کے تحت اپنا رجسٹریشن کرایا ہے اور آج بیشتر خواتین کے اکاؤنٹ میں دو ہزار روپئے جمع ہو چکے ہیں۔
ایم ایل اے محترمہ نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ جن کے کھاتوں میں آج رقم جمع نہیں ہوئی ہیں، انھیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے آئندہ کچھ دنوں میں انکے کھاتوں میں بھی یہ رقم پہنچ جائیگی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کانگریس کی قیادت والی سدرامیا حکومت نے کئی ایک عوامی فلاحی کام کئے تھے، بالخصوص مرحوم رہنما قمر الاسلام کی قیادت میں وزارت اقلیتی بہبود نے کئی ایک مثالی اسکیمات کو نافذ کیا تھا۔ جس سے اقلیتی برادری کو کافی فائدہ ہوا تھا۔ ایم ایل اے میڈم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پھر سے مر حوم رہنما قمر الاسلام کی تمام متعارف کردہ اسکیمات کو دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جوکہ ایک خوش آئند قدم ہے۔ عبوری بجٹ میں ہی سی ایم سدرامیا نے وزارت اقلیتی بہبود کو دوہزار کروڑ سے زائد کا بجٹ اعلان کرکے اس کا عملی ثبوت دیا ہے۔
گروہا لکشمی اسکیم کی اس افتتاحی تقریب سے یوتھ لیڈر فراز الاسلام نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انھیں ہی کی دعاؤں اور ووٹوں کی وجہ سے محترمہ کنیز فاطمہ دوبارہ منتخب ہو ئی ہیں۔ فراز الاسلام نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ جو بھی عوامی مسائل ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ یوتھ لیڈر نے حاضرین کو یہ بھی کہا کہ قمر الاسلام صاحب کے گھر کے دروازے عوام کیلئے چوبیسوں گھنٹے کھلے ہیں، ایسے میں جو بھی مسئلے مسائل ہیں وہ راست طور پر میڈم تک پہنچا سکتے ہیں۔
اس افتتاحی تقریب میں کانگریس کے تمام کارپوریٹرس اور اقلیتی لیڈران موجود تھے۔ محکمہ بہبود خواتین و اطفال کے تحت منعقدہ اس پروگرام میں عوام کی خاص کربرقعہ پوش خواتین کی اتنی کثیر تعداد موجود تھی کہ کلکتہ فنکشن ہال کا وسیع و عریض حال بھی تنگ دامنی کا شکوہ کر رہا تھا۔