تھیرو اننت پورم، 29 / مئی (ایس او نیوز) جنوبی تملناڈو سے کیرالہ کی طرف بڑھنے والے طوفان کی وجہ سے جو برسات ہوئی ہے اس نے مختلف علاقوں میں قہر برسایا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کئی نشیبی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہوا جس سے آمد و رفت کی مشکلات پیش آئی ۔ اس کے علاوہ اس برسات کی وجہ سے اب تک 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ کوچین یونیورسٹی میں موجود برسات ناپنے کے میٹر سے پتہ چلا ہے کہ ایک گھنٹے کے وقفے میں 103 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جبکہ ایک گھنٹے میں 100 ملی میٹر بارش ہوتی ہے تو اس سے بادل پھٹنے (کلاوڈ برسٹ) کے زمرے میں رکھا جاتا ہے ، البتہ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست میں کہیں بھی بادل پھٹنے کی تصدیق نہیں کی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ تیز بارش کی وجہ سے کوٹایم کے ایک گاوں میں چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے سات گھروں کو نقصان پہنچا ۔ تھیرو اننت پورم میں ماہی گیر کشتی سے گرنے سے جان نامی مچھیرے کی جان گئی جبکہ ایڈوکی کے علاقے میں مچھلی شکار کرنے کے دوران ندی میں گرنے کی وجہ سے راجن نامی شخص فوت ہوگیا ۔ ندیوں میں غرقابی کی وجہ سے تھیرو اننت پورم میں ایک ، کننگڑھ میں ایک اور پیرمبور میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ۔ ماویلکرا میں ناریل کا درخت گرنے کی وجہ سے اس کے اندر دبنے والا اروند فوت ہوگیا ۔
بھاری برسات اور اس سے درپیش خطرات کو دیکھتے ہوئے مختلف اضلاع کی انتظامیہ نے پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کئی اضلاع میں آرینج اور ایلو الرٹ جاری کیا ہے ۔