ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہلیال : سڑک پر راوڈی شیٹر کا ہنگامہ - پی ایس آئی معطل - 8 پولیس اہلکاروں کا تبادلہ

ہلیال : سڑک پر راوڈی شیٹر کا ہنگامہ - پی ایس آئی معطل - 8 پولیس اہلکاروں کا تبادلہ

Thu, 18 Jun 2026 12:23:51    S O News

ہلیال ، 18/ جون (ایس او نیوز) نشے میں دھت راوڈی شیٹر کی طرف سے شہر کی سڑک پر دو دن قبل کھلے عام ہنگامہ مچانے اور پولیس کے ساتھ بدتمیزی کے ساتھ حملہ آور ہونے کا جو معاملہ پیش آیا تھا، اس میں اپنے فرائض صحیح ڈھنگ سے ادا کرتے ہوئے غنڈے کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ضلع پولیس ایس پی دیپن نے ہلیال پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی بسوا راج کو معطل کر دیا ہے اور دیگر 8 پولیس اہلکاروں کا تبادلہ ضلع کے مختلف پولیس تھانوں میں کر دیا ہے ۔

ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این کی طرف سے جاری حکم کے مطابق پی ایس آئی بسوا راج کی معطلی کے علاوہ ہلیال پولیس اسٹیشن میں خدمات انجام دینے والے جن پولیس اہلکاروں کا تبادلہ ضلع کے مختلف تھانوں میں کیا گیا ہے، ان کی تفصیل کچھ اس طرح ہے :

۱۔ اے ایس آئی نزیر ہلیالکر - مرڈیشور پولیس اسٹیشن، ۲۔ ہیڈکانسٹیبل اشوک ہبلی - ہوناور پولیس اسٹیشن،۳۔ ہیڈ کانسٹیبل وٹھل پوار - سداپور پولیس اسٹیشن،۴۔ بھیمپّا جیوجی - مرڈیشور پولیس اسٹیشن،۵- کانسٹیبل نندیش، کاشی ناتھ، ہنومنتا برگی - بھٹکل پولیس اسٹیشن ،۶۔ اومیش ہنگندی - ہوناور پولیس اسٹیشن

یاد رہے کہ شہر کے موریہ ہوٹل کے قریب راوڈی شیٹر منجو ناتھ عرف ' مچ منجا' نے نشے میں دھت ہو کر ہنگامہ اور دھاندلی شروع کی تھی اور موقع پر پہنچی ہوئی پولیس ٹیم اسے روکنے میں نہ صرف بے بسی کا مظاہرا کیا تھا بلکہ  اس غنڈے کی طرف سے گالی گلوچ اور اپنے ماتحتوں پر حملہ کرنے کے بعد بھی موقع پر موجود سب انسپکٹر نے  کوئی کارروائی نہیں کی تھی ۔ اس معاملے کی ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد عوام نے پولیس کی ٹیم کی بے بسی اور خاموشی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور پولیس کی اہلیت اور کارکردگی پر سوال اٹھائے تھے ۔

اس معاملے کے تعلق سے ڈانڈیلی ڈی وائی ایس کی تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ضلع پولیس  سپرنٹنڈنٹ نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے پی ایس آئی کی معطلی اور دیگر آٹھ اہلکاروں کے تبادلے کا حکم جاری کیا ۔ 


Share: