نئی دہلی،14؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وراٹ کوہلی کی بیٹنگ پر انگلی اٹھانے کیلئے ان کے بچپن کے کوچ راج کمار شرما نے جیمز اینڈرسن کو آج یہاں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کے بیان کو بچکانا قرار دیا اور کہا کہ انگلینڈ کے اس تیز گیند باز کو کوئی تبصرہ کرنے سے پہلے خود کی کارکردگی پر غور کرنا چاہئے۔کوہلی نے ممبئی میں چوتھے ٹیسٹ میچ میں 235رنز کی اننگز کھیلی تھی جس پر اینڈرسن نے کہا تھا کہ دوستانہ پچیں ہونے کی وجہ سے اس ہندوستانی بلے باز کی کمزوریاں سامنے نہیں آ رہی ہیں۔کوہلی نے خود اینڈرسن کے اس بیان پر زیادہ توجہ نہیں دی لیکن ان کے کوچ نے انگلینڈ کے بولر پر ہی طنز کسنے میں دیر نہیں لگائی۔شرما نے کہا کہ یہ بچوں جیسا بیان ہے،اینڈرسن خود ہندوستانی وکٹوں پر کیا کر رہا ہے،گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں سے اسے ایک بھی وکٹ نہیں ملا ہے،وہ بہت اچھا بولر ہے لیکن انہیں ہندوستانی پچوں پر بھی وکٹ لینے ہوں گے،آپ صرف انگلینڈ کی پچوں پر وکٹ لے کر عظیم گیند باز نہیں بن سکتے ہو۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان تین میچوں میں جیت درج کرکے سیریز حاصل کر چکا ہے اور وراٹ مسلسل رنز بنا رہا ہے۔اس سے اصل میں اینڈرسن جھنجھلااٹھا ہے،اگر تیز پچوں کی ہی بات کر رہے ہیں تو انگلینڈ سے زیادہ تیز وکٹ تو آسٹریلیا میں ہیں جہاں وراٹ نے اب تک پانچ سنچریاں لگائی ہیں۔آسٹریلیا میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔کوہلی نے آسٹریلوی سرزمین پر آٹھ ٹیسٹ میچوں میں پانچ سنچریاں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے 992رنز بنائے ہیں اور ان کا اوسط 62.00ہے،ان میں سے چار سنچری انہوں نے گزشتہ سیریز میں لگائی تھی۔جہاں تک اینڈرسن کا سوال ہے تو انہوں نے موجودہ سیریز کے جو تین میچ کھیلے ہیں ان میں صرف چار وکٹ لے پائے ہیں۔گزشتہ دو میچوں میں انہیں ایک بھی وکٹ نہیں ملا ہے۔ہندوستانی سرزمین پر انہوں نے جو دس ٹیسٹ کھیلے ہیں ان میں 26وکٹ لئے ہیں اور وہ کبھی اننگز میں پانچ وکٹ نہیں لے پائے۔