کوچین 31/ اگست (ایس او نیوز) کرناٹک کے ساحلی علاقوں کے بعد پہاڑی علاقوں بالخصوص بینگلور ، رام نگرم، میسور، چن پٹن میں شدید بارش اور اس سے ہوئے نقصانات کے بعد اب کیرالہ کے مختلف علاقوں اور شہروں میں منگل کی طرح بدھ کو بھی بڑے پیمانے پر بارش کا سلسلہ جاری ہے یہاں تک کہ وسطی کیرالہ کے پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے کئی ندیوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے جبکہ پیر کو کوچین سے قریب سو کلو میٹر دور پہاڑی علاقہ ایڈوکّی میں پہاڑی چٹان کھسک کر ایک مکان پر گرنے سے گھرپر موجود پانچوں لوگ ہلاک ہونے کی بھی واردات پیش آئی ہے۔
ترونتاپورم اور ایرناکولم میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، مگر اب خبر آرہی ہے کہ کالی کٹ اور دیگر علاقوں میں بھی بدھ شام سے شدید بارش ہورہی ہے اور اسمان ابر آلود ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اتوار تک ریاست بھر میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اور ریاست کے 8 اضلاع ترواننت پورم، کولّم ، پٹھانمتھیٹا، الاپپوزا، کوٹائم، ایرناکولم، ایڈوکّی اور ملاپّورم میں ا ورینج الرٹ جاری کیا ہے جبکہ کیرالہ کے دیگر اضلاع میں یلّو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایرناکولم میں منگل کو ہوئی زبردست بارش سے بہت سارے گھروں اور دکانوں کے اندر کثیر مقدار میں پانی بھرگیا جس سے لاکھوں اور کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔ پورا بازار اور مارکٹس پانی میں ڈوب گئے ہیں، روزمرہ کی زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔جدھر دیکھو اُدھر تالاب اور ندیاں نظر آرہی ہیں اور بارش کا پانی شہروں کے اندر گھسنے سے پورا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بھاری بارش کودیکھتے ہوئے پہاڑی علاقوں میں رات کے سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ کشتی رانی جیسی سرگرمیاں فی الحال روک دی گئی ہیں۔ کیرالہ اور لکشدیپ کے ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں۔
مالمپوزا ڈیم سے بدھ کی صبح 9 بجے پانی کا اخراج کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 45 دنوں میں تیسری بار ڈیم سے پانی چھوڑا گیا ہے۔ کالپتی پوزا اور بھرتھا پوزا کے کنارے رہنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کیونکہ پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔
بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے ایرناکولم ڈسٹرکٹ کلکٹر ڈاکٹر رینو راج اور کوٹائیم کلکٹر ڈاکٹر پی کے جیاسری نے بدھ کو اپنے اپنے اضلاع کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، یونیورسٹی کے امتحانات کوٹیم میں شیڈول کے مطابق جاری رکھے گئے۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے سینٹرل کیرالہ میں ٹرین کی خدمات پر بھی اثر پڑا ہے اور کئی ٹرین سروس یا تو کینسل کی گئی ہے یا پھر اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اسی طرح کئی ٹرینوں کے رُخ کو موڑدیا گیا ہے۔ منگل کو بھی شدید بارش کی وجہ سے کئی ٹرین سروس معطل کی گئی تھی۔