بنگلورو، 23/ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) تمل ناڈو کو موجودہ حالات میں کاویری بندھ سے پانی بہانے کے مطالبہ کو لے کر اس وقت جو تنازعہ چل رہا ہے اور سپریم کورٹ نے جو ہدایت دی ہے اس کی مخالفت میں بروز ہفتہ منڈیا ضلع کے کسانوں نے کاویری بندھ کے آگے اور کاویری سے پانی سپلائی کے لئے بنائے گئے پاور ہاؤز کا گھیراؤ کر کے احتجاج کا اعلان کیا ہے، جس کے پیش نظر یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بروز ہفتہ شاید بنگلورو کے لئے کاویری کا پانی بھی سپلائی نہیں ہوگا، منڈیا اور منڈیا ضلع میں اس احتجاج کے اعلان کے پیش نظر پولیس کا معقول بندوبست بھی کیا جارہا ہے، پولیس نے وارننگ دی ہے کہ بند کے دوران عوام کو یا عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچا نے کی کوشش کی جائے گی تو ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کرناٹک کے آبی ذخیروں میں امسال بارش نہ ہونے سے پانی کا ذخیرہ کم ہے۔ کے آر ایس بندھ میں اس وقت صرف 5 ہزار کیوسکس پانی ہی داخل ہورہا ہے، اس کے باوجود کاویری آبی ٹریبیونل نے تمل ناڈو کو پانی بہانے کی ہدایت جاری کی ہے، جس کے خلاف عوام احتجاج کرنے جارہی ہے۔
بنگلورو کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت: اس وقت بنگلورو کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہاہے، بارش وقت پر نہ ہونے سے کئی بورویل سوکھ گئے ہیں، کے آر ایس بندھ میں بھی پانی کی سطح کم رہنے سے شہر کو کم مقدار میں پانی سپلائی ہورہا ہے۔ خصوصاً بی بی ایم پی کے لئے وارڈس کے کوڈ لوولیج میں پانی کی قلت سے وہاں کے لوگ پریشان ہیں، یہاں گھریلو استعمال کا پانی ٹینکروں کے ذریعہ سپلائی کیا جارہا ہے، مزدوروں کی کالونیوں کو پانی نہیں دیا جارہا ہے اور یہ لوگ مجبوراً رقم ادا کرکے ٹینکروں کے ذریعہ اپنے لئے روز مرہ استعمال کے لئے پانی منگوارہے ہیں، شہر کے بہت سارے نئے علاقوں میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے بی بی ایم پی نے اپنے علاقوں میں بورویل کھود کر پانی فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔