ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کنونشن کا آغاز، ملکارجن کھرگے کو تمام اختیارات، ورکنگ کمیٹی کیلئے الیکشن نہیں ہوں گے بلکہ صدرممبران کو نامزد کریں گے

کانگریس کنونشن کا آغاز، ملکارجن کھرگے کو تمام اختیارات، ورکنگ کمیٹی کیلئے الیکشن نہیں ہوں گے بلکہ صدرممبران کو نامزد کریں گے

Sat, 25 Feb 2023 11:37:49    S.O. News Service

رائے پور ، 25/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)  ملک کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور (شہید ویر نارائن سنگھ نگر ) میں کانگریس کے قومی کنونشن کا جمعہ سے آغاز ہو گیا۔ اس کنونشن کو جسے پلینری سیشن بھی قرار دیا جارہا ہے  ، میں کانگریس پارٹی کے انتظامی امور سے متعلق کئی اہم فیصلے کئے گئے۔  اجلاس میں کانگریس کی اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پارٹی ورکنگ کمیٹی کے اراکین کے انتخاب کا حق پارٹی صدر کو سونپنے کا فیصلہ کیا۔کمیٹی کی میٹنگ کے بعد  پارٹی ترجمان جے رام رمیش  نے صحافیوں کو  بتایا کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ نوجوانوں، خواتین، دلتوں اور اقلیتوں کی نمائندگی کو محفوظ بنانے اور یقینی بنانے کے  لئے کیا ہے۔ 

   جے رام رمیش نے بتایا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میںپارٹی کے آئین میں ترمیم کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ جے رام رمیش کے مطابق کمیٹی نے پارٹی آئین کی ۱۶؍دفعات اور ۳۲؍قواعد میں ترمیم کو منظوری دی ہے جس پر پارٹی کی سبجیکٹ کمیٹی غور کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کی طرف سے منظور شدہ دفعات میں سابق وزرائے اعظم اور پارٹی کے سابق صدور کو مستقل طور پر ورکنگ کمیٹی میں شامل کیا جانا شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی میٹنگ میں ۴۵؍ممبران موجود تھے اور سبھی نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا۔  واضح رہے کہ اس میٹنگ میں گاندھی خاندان کے افراد موجود نہیں تھے۔

 جے رام  رمیش نے بتایا کہ اسٹیئر نگ کمیٹی نے الیکشن کرانے اور نہ کرانے کے بارے میں  غور کیا۔ کچھ ممبران الیکشن کے حق میں تھے جبکہ کچھ اس کے خلاف تھے۔ اس دوران الیکشن کی خوبیوں اور خامیوں پر غور کیا گیا جس کے بعد اتفاق رائے سے  انتخابات نہیں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

  اس سے قبل اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کنونشن کا خاکہ پیش کیا۔ انہوںنے پارٹی لیڈران سے اپیل کی کہ وہ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کریں اور اجتماعی طور پر فیصلہ  کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو آپ کی رائے  ہوگی، وہی میری اور سب کی رائے ہوگی۔کانگریس کے ۸۵؍ویں قومی کنونشن کے موقع پرپارٹی لیڈران کا استقبال کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ وہ یہ بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی کی کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران ملک بھر میں جو توانائی پیدا ہوئی اور مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی معاملات پر جس طرح سے بیداری پیدا ہوئی، اس جوش کو ہمیں برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں یہ کنونشن نصف درجن ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور اس کے بعد۲۰۲۴ء کے عام انتخابات کے پس منظر میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ ہمارے لئے ایک بڑا چیلنج بھی ہے اور ایک اہم موقع بھی ہے۔کانگریس صدر نے مزید کہا کہ ہمارا کنونشن ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب اس ملک کو بہت سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔جمہوریت اور آئین کو خطرہ ہے۔ پارلیمانی ادارے بھی شدید بحران کا شکار ہیں۔ سیاسی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں بہت سوچنا ہوگاکیونکہ پورے ملک کی نظریں اس کنونشن پر لگی ہوئی ہیں۔ 

        کانگریس صدر ملکارجن کھرگے آج یعنی ۲۵؍ فروری کو  صبح ساڑھے دس بجے کنونشن  میں آنے والے لیڈران سے باقاعدہ خطاب کریں گے۔ اس کے بعد سابق صدر سونیا گاندھی کنونشن سے خطاب کریں گی جبکہ سابق صدر راہل گاندھی ۲۶؍فروری کو کنونشن سے خطاب کریں گے۔  اطلاعات ہیں کہ اس کنونشن میں شرکت کے لئے راہل گاندھی اور سونیا گاندھی رائے پور پہنچ گئے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل اس کنونشن کے میزبان ہیں۔ انہوں نے میڈیاسے باقاعدہ خطاب کیا۔


Share: