نئی دہلی 26/اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس نے کہا ہے کہ وہ اڈانی کے ملگ گیر پیمانے پرمہم چلائے گی اورریلیوں کے ذریعے عوام کے سامنے اڈانی کے کرتوتوں کا پردہ فاش کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کانگریس نے کہا ہے کہ ہنڈن برگ کی حالیہ رپورٹ نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت کی اڈانی کے حق میں کرونی کیپٹلزم کی پالیسی کو بے نقاب کیا ہے۔ گہری معاشی بدحالی کے وقت وزیر اعظم مودی ملک کے اہم بنیادی ڈھانچے کو اڈانی گروپ کو بیچ رہے ہیں، ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو جھکا رہے ہیں، ایس بی آئی اور ایل آئی سی جیسے عوامی اداروں کو اڈانی گروپ میں سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ حالیہ انکشافات نے ظاہر کیا ہے کہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کی کروڑوں روپے کی بچت خطرے میں ہے۔
کانگریس پارٹی اس مسئلہ کو ہر سطح پر اٹھاتی رہی ہے اور اٹھاتی رہے گی، پارلیمنٹ، میڈیا، سوشل میڈیا اور عوام کے سامنے۔ حال ہی میں 17 فروری کو 23 شہروں میں پریس کانفرنسیں کی گئیں۔ اب کانگریس پارٹی نے اپنے احتجاج کو اور تیز کرنے اور اس مسئلے کو براہ راست عوام تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام اضلاع میں پریس کانفرنس کا اہتمام کریں، جہاں سینئر ریاستی قائدین میڈیا سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد تمام ریاستی اکائیاں مختلف سطحوں پر احتجاجی سرگرمیوں کو منظم کریں گی۔
پورے ملک میں 6 اور 10 مارچ 2023 کے درمیان پبلک بینکوں اور ایل آئی سی کے دفاتر کے سامنے بلاک سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ مارچ کے مہینے میں تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ’پردہ فاش‘ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 13 مارچ 2023 کو ریاستی ہیڈکوارٹر پر ایک بڑے پیمانے پر "چلو راج بھون" مارچ کا انعقاد کیا جائے گا۔
اپریل کے مہینے میں تمام ریاستی دارالحکومتوں میں بڑے پیمانے پر ’پردہ فاش‘ عظیم ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، اور ان سے کانگریس صدر شری ملکارجن کھڑگے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر قومی سطح کے لیڈران خطاب کریں گے۔ ریاستی سطح کے تمام سینئر رہنما، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر منتخب نمائندوں، فرنٹل تنظیموں کے رہنما، محکموں، سیلوں اور پارٹی کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تمام احتجاجی پروگراموں میں شرکت کریں۔