نئی دہلی 16/اکتوبر(ایس او نیوز) انڈین نیشنل کانگریس کے صدر کےلئے پیر کو ووٹنگ ڈالی جائے گی۔صدارت کے امیدواروں میں ملکا ارجن کھرگے اور ششی تھرور ہیں۔
پولنگ صبح 10 بجے شروع ہوگی اورشام 5 بجے تک چلے گی۔ ووٹنگ خفیہ بیلٹ سے ہوگی۔ سارے بیلٹ باکس‘ نئی دہلی لائے جائیں گے۔ 19اکتوبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی اور گنتی مکمل ہوتے ہی نتیجہ کا اعلان کردیاجائے گا۔ کانگریس کے صدارتی الیکشن میں راہول گاندھی پیر کے دن کرناٹک کے بیلاری میں ووٹ ڈالیں گے جبکہ سونیاگاندھی نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں ووٹ ڈالیں گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری وانچارج جئے رام رمیش نے کہا کہ پوچھا جارہا ہے کہ راہول گاندھی کل کہاں ووٹ ڈالیں گے۔ وہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران بیلاری کے سنگناکلو میں 40 بھارت یاتریوں کے ساتھ ووٹ ڈالیں گے جو پی سی سی مندوبین ہیں۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ بھی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں ووٹ ڈالیں گے۔ صدرنشین سنٹرل الیکشن اتھاریٹی (سی ای اے) مدھوسدن مستری نے کہا کہ اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس میں سینئر قائدین کیلئے ایک خاص بوتھ ہوگا۔ راہول گاندھی اور بھارت جوڑویاترا میں حصہ لینے والے دیگرقائدین کیلئے کیمپس بوتھ بنایاجائے گا۔