ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: گزشتہ 15 مہینوں میں 209  بچے فوت - سرکاری اسپتالوں سے زیادہ نجی ماہرین اطفال کے یہاں بیمار بچوں کی لگی ہیں قطاریں

کاروار: گزشتہ 15 مہینوں میں 209  بچے فوت - سرکاری اسپتالوں سے زیادہ نجی ماہرین اطفال کے یہاں بیمار بچوں کی لگی ہیں قطاریں

Sat, 27 Aug 2022 19:19:40    S.O. News Service

کاروار،27 ؍ اگست (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں  نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کی صحت سے متعلق ایک جائزہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سال 2021-22  کے دوران مختلف بیماریوں کی وجہ سے ایک سال سے کم عمر والے 164 بچے موت کے منھ میں چلے گئے ۔ جبکہ سال 2022 کے اپریل سے جولائی تک کی مدت میں 45 بچے بیماری کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں ۔ اس طرح گزشتہ سوا سال میں فوت ہونے والے بچوں کی تعداد 209 ہوگئی ہے ۔ ان میں سے پیدائش کے ایک ہفتے کے اندر ہی فوت ہونے والے بچوں کی تعداد 81 ہے۔
    
ان فوت ہونے والے بچوں کی صحت اور بیماری سے متعلق تجزیہ بتاتا ہے کہ ان میں سے 107 بچے دل کے امراض اور اعصاب سے تعلق رکھنے والے لاعلاج امراض میں مبتلا تھے ۔ اس کے علاوہ وزن کی کمی ، سانس کی تکلیف ، انفیکشن ، دودھ غذا کی بجائے سانس کی نالی میں چلے جانے سے نمونیا ہونا ، قبل از وقت زچگی جیسے مسائل سے 102 بچے فوت ہوئے ہیں۔ 
    
حالانکہ ضلع میں سرکاری طور پر بچوں کے علاج کے لئے بہترین سہولتیں اور اسکیمیں دستیاب ہیں ۔ اس کے باوجود اکثر جگہ دیکھا گیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں سے زیادہ بیمار بچوں کی بھیڑ نجی ڈاکٹروں کے پاس ہوتی ہے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سرکاری طور پر زچہ اور بچہ کے لئے جو طبی سہولتیں اور منصوبے ہیں ، ان کا اگر صحیح فائدہ اٹھائے جائے تو چھوٹے بچوں کی اموات کی شرح میں کافی کمی آ سکتی ہے۔ 
    
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شرد نائیک نے ضلع کے سرکاری اسپتالوں میں زچہ بچہ کے لئے دستیاب طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا کہ صرف جوئیڈا تعلقہ میں ماہر امراض خواتین ، ماہر اطفال اور جلدی امراض کے لئے ڈاکٹر دستیاب  نہیں ہیں ۔ بقیہ تمام تعلقہ جات میں ان تمام ماہر ڈاکٹروں کی خدمات دستیاب ہے ۔ سرسی اور کاروار میں کم وزن والے بچوں کے لئے اسپیشل نیو بورن کیئر یونٹ (ایس این سی یو) قائم کیے گئے ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق ضلع میں جو زچگیاں ہو رہی ہیں ان میں سے 55 فی صد سرکاری اسپتالوں میں ہو رہی ہیں۔


Share: