کاروار،23؍ اگست (ایس او نیوز) کاروار شہر سے ملی ایک رپورٹ کے مطابق بینک کھاتوں سے رقم اڑانے والے فریب کاروں نے لوگوں کو ہیسکام افسر کے روپ بجلی منقطع کرنے کی دھمکی دے کر لوٹنے کا نیا طریقہ شروع کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ جعلساز لوگوں کو فون کرکے دھمکاتے ہیں کہ بجلی بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے ان کا بجلی کنکشن کاٹ دیا جائے گا اگر اسے روکنا ہے تو فلاں نمبر پر ہمارے ہیسکام کے افسر سے بات کریں ۔ پھر جب اس سے فون نمبر پر بات کی جائے تو وہاں سے ایک ایپ ڈاون لوڈ کرنے کو کہا جاتا ہے اور اس کے بعد موبائل میں موجود تمام تفصیلات ان فریب کاروں کے ہاتھ لگ جاتی ہے اور وہ بینک کھاتے سے رقم اڑانے میں بھی کامیاب ہو جاتے ہیں۔
کاروار میڈیکل کالج کے ایک پروفیسر کو جب اسی طرح کال موصول ہوا اور فون کرنے والے نے ان کے ساتھ بدتمیزی سے بات کی تو انہوں نے کاروار میں ہیسکام کے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر کو اس کی اطلاع دی ۔ اے ای ای نے جب اس کالر کے نمبر پر فون ملایا تو وہاں سے بنگالی زبان میں ریکارڈ کیا گیا میسیج سننے کو ملا۔
اسی طرح ایک اور شخص کو وہاٹس ایپ میسیج کے ذریعے بجلی کنکشن کاٹنے کی دھمکی دے کر 9088392548 پر کال کرنے کو کہا گیا ۔ اس شخص نے بھی ہیسکام اے ای ای کے پاس شکایت کی ہے ۔ اس کے علاوہ 9883173438 پر بھی کال کرنے کا میسیج ملنے کی خبریں ہیں ۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ اور انہی نمبروں سے یا پھر دوسرے نمبروں سے دوسرے مقامات پر بھی لوگوں کو فون کال یا میسیج آتے ہونگے۔
ہیسکام کاروار کے اسسٹنٹ انجینئر شیبنّاور نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر اس طرح کی کال یا میسیج آئیں تو ان کی ہدایات پر عمل کرکے اپنی رقم سے ہاتھ دھونے کا کام ہرگز نہ کریں ۔ اگر کوئی مسئلہ ہو یا شک و شبہ ہوتو ہیسکام کے دفتر پہنچ کر باضابطہ افسران سے بات کریں۔