کاروار،9؍اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا میں یہ خبر پھر سے گرم ہوگئی ہے کہ ضلع ایس پی ڈاکٹر سومن کا تبادلہ کروانے کے لئے لابی بنانے والے ساحلی علاقے کے اراکین اسمبلی اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئے ہیں اور وزیر اعلیٰ بومئی نے ان کی بات مان لی ہے جس کے تحت 30 اکتوبر تک ایس پی ڈاکٹر سومن آئی پی ایس کا تبادلہ کر دیا جائے گا۔
کیوں کیا جارہا ہے تبادلہ !: ایک اہل اور فرض شناس اعلیٰ پولیس آفیسر کے طور پر ڈاکٹر سومن پینیکر نے عوام کے دل میں تو جگہ بنا لی تھی ، لیکن بعض اراکین اسمبلی کی نظروں میں وہ کانٹا بن گئی تھیں ۔ کیونکہ ایس پی کی حیثیت سے ڈاکٹر سومن نے اپنے محکمہ کے دیگر افسران کو اعتماد میں لیتے ہوئے ضلع میں جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں پر لگام لگانے کے لئے وہ کچھ زیادہ سختی سے کام لے رہی تھیں ۔ یہی وجہ سے کہ کچھ خاص مفادات کے تحت ایس پی کو ہٹانے کے لئے ایک پوری لابی اپنا کام کرنے لگی تھی ۔ جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ کچھ لوگ اپنی مرضی کا کھیل کھیلنے میں تعاون کرنے والے آفیسر کو ہی ضلع عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں اور جو بھی ان کی راہ میں روڑا اٹکائے گا اسے یہاں ٹکنے نہیں دیں گے۔
اکتوبر 30 کے بعد کیوں ہوگا تبادلہ ؟: معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سومن پینیکر کو اپنے عہدے سے ہٹانے کے لئے جو لابی کام کر رہی ہے اس میں ضلع شمالی کینرا کے دو اراکین اسمبلی کا بڑا ہاتھ ہے جس میں مبینہ طور پر بھٹکل رکن اسمبلی سنیل نائک بھی شامل ہے ۔ سنیل نائک کے اصرار پر اس لابی نے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی سے ملاقات کرکے ڈاکٹر سومن کو ہٹانے کا پرزور مطالبہ کیا ۔ کہتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ نے ان کا مطالبہ مان تو لیا مگر ڈاکٹر سومن کی تعیناتی کی مدت ایک سال پوری ہونے سے پہلے تبادلہ کرنے پر ایس پی کی طرف سے ٹریبونل میں جانے اور مسئلہ کھڑا ہونے کے امکانات دیکھتے ہوئے اس تبادلہ کو 30 اکتوبر تک کے لئے روکے رکھا ہے کیونکہ 30 اکتوبر کو ڈاکٹر سومن کی تعیناتی کا عرصہ ایک سال پورا ہو جائے گا۔
اگلا ایس پی کون ہوگا؟: کچھ خاص ذرائع سے ملنے والی خبروں پر اعتبار کریں تو آئی پی ایس آفیسر ڈاکٹر سومن کا تبادلہ کروانے کے لئے سرگرم لابی چاہتی ہے کہ فی الحال اڈپی ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے رہے کے ایس پی ایس آفیسر وشنو وردھن کو شمالی کینرا میں بطور ایس پی تعینات کیا جائے ۔ کہا جاتا ہے کہ ضلع انچارج وزیر کوٹا سرینواس پجاری بھی اس میں دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کی سطح پر افسران کی نظر میسورو کے سٹی ڈپٹی پولیس کمشنر آئی پی ایس آفیسر پردیپ گُنٹی پر ٹکی ہوئی ہے ۔
کیا ڈی سی کا بھی ہوگا تبادلہ؟: محکمہ جاتی سطح پر یہ بات بھی ہوا میں گردش کر رہی ہے کہ صرف ایس پی ڈاکٹر سومن کا ہی تبادلہ نہیں ہوگا بلکہ ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن کو بھی دوسری جگہ ٹرانسفر کروانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ چونکہ ایک ساتھ دو اہم اور اعلیٰ افسران کا تبادلہ کرنے سے عوام میں غلط پیغام جانے کے امکانات ہیں اس لئے مصلحتاً ان دونوں کے ٹرانسفر میں کچھ دنوں کا وقفہ رکھا جائے گا۔