ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : پلاسٹک کچرے سے انٹرلاکس کی تیاری - کاروار سی ایم سی کی طرف سے ریاست کا پہلا منصوبہ

کاروار : پلاسٹک کچرے سے انٹرلاکس کی تیاری - کاروار سی ایم سی کی طرف سے ریاست کا پہلا منصوبہ

Fri, 12 Aug 2022 20:08:06    S.O. News Service

کاروار 12 / (ایس او نیوز)  کاروار سٹی میونسپل  کونسل نے پلاسٹک کچرے کی نکاسی کا ایک مثبت راستہ نکالتے ہوئے اس سے پلاسٹک کے انٹرلاکس تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو کہ ریاست میں اپنی قسم کا سب سے پہلا منصوبہ ہے ۔ 

کاروار  کے شیرواڈ علاقے میں واقع کچرا نکاسی مرکز کے قریب اس طرح کے انٹرلاکس (پیورس) تیار کرنے کے لئے کارخانہ تعمیر کیا جائے گا ۔ اس طرح پیورس تیار ہونگے تو انہیں فٹ پاتھ اور راستے تعمیر کرنے میں استعمال کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ عمارتوں کے آنگن اور پچھواڑوں میں انہیں استعمال کیا جا سکے گا ۔ 

    پیورس تیاری کا یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کی بنیاد پر کام کرے گا جس میں پلاسٹک کچرے سے پیورس تیار کرنے کا طریقہ اور خاکہ بنانے والے منی پال انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجیس کے ایک پروفیسر کی طرف سے  50% سرمایہ لگے گا اور بقیہ 50% سرمایہ سی ایم سی کاروار کی طرف سے لگایا جائے گا ۔

    اس منصوبے پر 1 کروڑ روپے خرچ کا تخمینہ بنایا گیا ہے جس میں 50 لاکھ روپے پروفیسر اور 50 لاکھ روپے سی ایم سی کی طرف سے ادا ہونگے ۔ پلاسٹک کچرا سی ایم سی کی طرف سے فراہم کیا جائے گا اور پیورس کی تیاری پر آنے والا خرچ دونوں شراکت دار برداشت کریں گے ۔ تیار شدہ مال کا استعمال سی ایم سی کے علاوہ مقامی ٹھیکیدار بھی کر سکیں گے ۔ اگر پلاسٹک مولڈیڈ انٹرلاکس تیار کرنے کا یہ منصوبہ پوری طرح کامیاب ہوا تو پھر پلاسٹک کچرے سے پارٹیشن بلاکس بھی تیاری کرنے کا منصوبہ بنایا جائے گا ۔ 

    ایک اندازے کے مطابق کاروار میں ہر دن 10 - 12 ٹن گیلا کچرا ، 1 ٹن ڈائیپرس ، نصف ٹن ناریل ، چپلیں، ربڑ کی چیزیں وغیرہ اور 10 ٹن سوکھا کچرا نکلتا ہے ۔ اس میں سے 2 تا 2.5 ٹن پلاسٹک کچرا ہوتا ہے ۔ 

    سی ایم سی کے ذرائع کا کہنا ہے  کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو پھر دوسرے شہروں کے بلدیاتی اداروں سے بھی پلاسٹک کچرا کاروار کے اس مرکز میں منگوانے اور اسے کارآمد بنانے  کا پہلو زیر غور ہے ۔ 

    خیال رہے کہ تا حال کاروار سی ایم سی کا یہ کچرا باگلکوٹ میں واقع سیمنٹ فیکٹری کے لئے  بطور ایندھن استعمال کے لئے بھیجا جا رہا ہے ۔ 


Share: