جموں و کشمیر،19؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر میں ڈوڈہ ضلع کی بھدرواہ وادی اور بھلیسا سمیت کچھ مقامات پر آج صبح زلزلے کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ زلزلہ صبح 6:31بجے آیا اور ری ایکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت کا اندازہ 3.7لگایا گیا۔غورطلب ہے کہ پندرہ دنوں کے دوران کشمیر میں زلزلے کا یہ دوسرا جھٹکا ہے۔حکام نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز بھدرواہ سے سات کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔بھدرواہ کے نزدیک کے علاقے ڈوڈہ، بھلیسا اور مٹمٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔سخت سردی والی صبح میں زلزلے کے جھٹکے کے بعد کچھ علاقوں میں لوگ دہشت زدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔بھدرواہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سرگن شکلا نے کہاکہ ہم صبح سے ہی اپنی پولیس چوکیوں اور مقامی ذرائع کے ذریعے اطلاعات جمع کر رہے ہیں، لیکن ابھی تک کسی قسم کے جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔گزشتہ سال امریکی سائنسدانوں کے ایک ریسرچ گروپ نے جموں و کشمیر میں زبردست زلزلہ کی وارننگ دی تھی اور اسے شائع کیا تھا، جس کے بعد وادی چیناب کے لوگ زلزلے کے جھٹکے سے گھبراہٹ میں آ گئے۔انہوں نے کہاکہ ہم بڑی مشکل میں ہیں اور بھدرواہ وادی میں اب اکثر ہلکے سے درمیانی شدت کے زلزلے کے جھٹکے آتے رہتے ہیں۔بھدرواہ کے محلہ سرفران کے رہائشی امتیاز الرحمن بٹ نے کہاکہ تعجب خیز بات ہے کہ اس طرح کے مقامی زلزلے کے جھٹکوں کی حقیقی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے کوئی بھی انتظامی یا سائنسی رپورٹ نہیں آ رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 3؍ دسمبر کو 4.3شدت کا زلزلہ آیا تھا۔