ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چار جون کو متر منڈلی، منتری منڈل اور میڈیا منڈل سب بدل جائیں گے: اکھلیش یادو

چار جون کو متر منڈلی، منتری منڈل اور میڈیا منڈل سب بدل جائیں گے: اکھلیش یادو

Mon, 27 May 2024 11:43:48    S.O. News Service

 بلیا، 27/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی)  لوک سبھا انتخابات 2024 کے پیش نظر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بلیا میں ایک انتخابی جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ بہت کم دن رہ گئے ہیں، 30 تاریخ کو انتخابی مہم ختم ہو جائے گی، یکم جون کو ووٹنگ ہوگی اور 4 جون کو ’متر منڈلی‘ (دوستوں کا حلقہ)، منتری منڈل (وزارتی کونسل) اور میڈیا منڈل (میڈیا والوں کا حلقہ) سب بدل جائیں گے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کی زبان میں تبدیلی ان کے رویے کو ظاہر کر رہی ہے۔ ان کی زبان سے پتہ چل رہا ہے کہ اس بار وہ اتر پردیش میں منھ کے بل گرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال سے بی جے پی کی حکومت نے ہمیں، آپ کو اور سب کو دھوکہ دیا ہے۔ 10 سال پیچھے جا کر دیکھیں تو ان بی جے پی والوں کی ہر بات جھوٹی نکلی اور ان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم مرکز میں خالی پڑی تیس لاکھ نوکریوں کو نہ صرف پُر کریں گے بلکہ اگنی ویر اسکیم کو بھی ختم کریں گے۔ اگنی ویر اسکیم ختم ہو جائے گی اور اگر عمر میں چھوٹ دینی ہوگی تو فوج کی بھرتی میں اس کا انتظام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب جہاں ہمارے اور آپ کے مستقبل کا انتخاب ہے تو وہیں یہ آئین و جمہوریت کے تحفظ کا بھی انتخاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کا جو تعاون ملا ہے وہ بھروسہ دلاتا ہے کہ جو لوگ آئین تبدیل کرنے نکلے ہیں، ان کو عوام تبدیل کر دے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے کہا کہ جب انڈیا الائنس کی حکومت بنے گی تو ہم آپ کی پرانی پنشن بحال کریں گے، ہم کسانوں کا قرض معاف کریں گے۔ ہم غریبوں کے  مفاد میں فیصلے لیں گے تاکہ انہیں سستے داموں قرض مل سکے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اس بار اتنی گنتی بڑھنے جا رہی ہے کہ ابھی تک کا سماجوادیوں کا ریکارڈ ٹوٹنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بہوجن سماج کے ساتھیوں سے کہوں گا کہ یہ لڑائی بہت بڑی ہے، آپ لوگ انڈیا الائنس کی مدد کر دینا۔


Share: