نئی دہلی ، 26/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی ) سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے اور کرناٹک کی ہاسن سیٹ سے جے ڈی ایس کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا ایک مبینہ جنسی اسکینڈل میں پھنس گئے ہیں۔ وہ 27 اپریل سے بیرون ملک ہیں۔ اب ان کاپاسپورٹ جلد ہی منسوخ ہو سکتا ہے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے یہ اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ 21 مئی کو ہی وزارت خارجہ کو جنتا دل سیکولر رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کے پاسپورٹ کو ضبط کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔ وزارت خارجہ قانون کے مطابق کام کر رہی ہے۔
وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا، پاسپورٹ ضبط کرنے کا عمل پاسپورٹ ایکٹ کے تحت کیا جاتا ہے۔ ہمیں ایسا کرنے کے لیے عدالتی حکم یا پولیس کی درخواست کی ضرورت ہے۔ 21 مئی کو کرناٹک کی سدارامیا حکومت کی طرف سے درخواست موصول ہوئی۔پرجول ریونا کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کے لیے، ہمیں ایک خاص طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو جرمنی جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس لیے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کوئی ویزا نوٹ جاری کیا گیا تھا۔ریونا کے گھر پر کام کرنے والی ایک خاتون نے ان کے خلاف جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرایا ہے۔ریونا کی 100 سے زائد سیکس ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ ریونا کے والد اور ایم ایل اے ایچ ڈی ریونا پر بھی جنسی ہراسانی کا الزام ہے۔ انہیں 5 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا۔ فی الحال وہ ضمانت پر ہیں۔