ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارلیمانی سیشن کے دوران دو افراد سیکوریٹی توڑ کر ہاؤس میں ہوئے داخل؛ مچ گئی افراتفری

پارلیمانی سیشن کے دوران دو افراد سیکوریٹی توڑ کر ہاؤس میں ہوئے داخل؛ مچ گئی افراتفری

Thu, 14 Dec 2023 02:20:08    S.O. News Service

نئی دہلی 13/ ڈسمبر (ایس او نیوزؕایجنسی) پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں بدھ کو لوک سبھا کی کارروائی کے دوران ۲؍ افراد سخت سیکوریٹی کو توڑتے ہوئے کنستر لے کر داخل ہو گئے جس کے بعدایوان میں افراتفری مچ گئی۔ تمام ممبران پارلیمان بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ لوک سبھا کی کارروائی فوری طور پر ملتوی کر دی گئی۔

لوک سبھا کی کاروائی لائیو جاری تھی جس کے دوران ایک شخص نے سیکوریٹی انتظامات کو توڑتے ہوئے پارلیمنٹ کے بینچوں پر چھلانگ لگاتے نظر آئے، جبکہ دوسرے نے ویزیٹر گیلیری سے لٹکتے ہوئے ایوان میں دھواں چھوڑ دیا۔ ان دونوں کے پاس کنستر تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو کے مطابق دھواں اڑانے کے بعد پورا ایوان زرد رنگ کے دھویں سے بھرگیا۔

بعد میں لوک سبھا ممبران نے ان دونوں کو پکڑلیا اور ان پر غالب آگئے۔اس ضمن میں کانگریس کے ایم پی گرجیت سنگھ اوجلا نے پارلیمنٹ میں آج پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے کہا کہ ان میں سے ایک کے ہاتھ میں کنستر تھا۔ میں نے اس سے وہ کنستر چھین لیا اور اسے باہر پھینک دیا۔ یہ سیکوریٹی کی سخت خلاف ورزی ہے۔ ممبر پارلیمان کنور دانش کے مطابق ان دونوں کو بی جے پی کے لیڈر پرتاپ سمہا کے آفس سے پاس جاری کئے گئے تھے۔ کانگریس کے ایم پی کارتی چدمبرم نے کہا کہ اایوان کی کارروائی کے دوران انہیں اچانک ایسا لگا کہ کوئی ویزیٹر گیلیری  سے داخل ہوا ہے۔ اس کے بعد ہی دوسرے شخص نے چھلانگ لگائی۔ انہوں نے جو گیس پارلیمنٹ میں پھینکی وہ زہریلی بھی ہوسکتی تھی۔ سماج وادی کی ایم پی ڈمپل یادو ، جو اس واقعے کے دوران پارلیمنٹ میں موجود تھیں ، نے کہا کہ جو لوگ یہاں آتے ہیں چاہے وہ ویزیٹرس ہوں یا رپورٹرس ان کے پاس ٹیگس نہیں ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ حکومت کو اس پر دھیان دینے کی سخت ضرورت ہے۔ ایوان کے اندر کچھ بھی ہو سکتا ہے۔  
پولیس نے کہاکہ ایوان کے باہر ایک مرد اور ایک خاتون احتجاج کر رہے تھے۔ ان کے پاس کنستر تھا جس میں ایسالگ رہا تھا کہ زرد وھواں ہو۔ انہیں حراست میں لیا گیا ہے اور ان کی شناخت نیلم (۴۲؍) اور امول شندے(۲۵؍) کے طورپر کی گئی ہے۔ انہیں ٹرانسپورٹ بھون کے سامنے سے گرفتار کیا گیا ہے اور آگے کی کارروائی جاری ہے۔


Share: