ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ٹی آر پی گھوٹالہ میں پولیس کا دعوی: ارنب گوسوامی نے 2 چینلز کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے بی اے آر سی کے سابق سی ای او کو دئیے لاکھوں روپئے

ٹی آر پی گھوٹالہ میں پولیس کا دعوی: ارنب گوسوامی نے 2 چینلز کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے بی اے آر سی کے سابق سی ای او کو دئیے لاکھوں روپئے

Tue, 29 Dec 2020 19:51:08    S.O. News Service

ممبئی،29 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)ممبئی پولیس نے ٹیلی ویڑن ریٹنگ پوائنٹ (ٹی آر پی) گھوٹالہ میں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ عدالت میں ایک اہم دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے بتایاکہ ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف ارنب گوسوامی نے اپنے دونوں چینلز کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے براڈکاسٹ آڈینس ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے سابق سی ای او پارتھاداس گپتا کو لاکھوں روپئے دیئے تھے۔

ٹی آر پی گھوٹالہ میں پہلی بار پولیس نے واضح طور پر ارنب کا نام لیا ہے۔ اس سے قبل ری پبلک کا مالک ملزموں کی فہرست میں تھا، ارنب کا نام نہیں لیا گیا تھا۔ پولیس کے ذریعہ پیش کی گئی ریمانڈ رپورٹ کے مطابق جب داس گپتا بی اے آر سی کے سی ای او تھے، تو ارنب اور دیگر ملزمین نے غیر قانونی طور پر ریپبلک انڈیا اور ریپبلک ٹی وی کی ٹی آر پی بڑھانے کی سازش کی تھی۔ اس کے لیے، ارنب نے متعدد مواقع پر داس گپتا کو لاکھوں روپئے ادا کیے۔

عدالت میں یہ دعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے داس گپتا کی ریمانڈ طلب کی۔ عدالت نے ریمانڈ میں 30 دسمبر تک توسیع کردی۔رپورٹ کے مطابق ارنب سے ملے روپئے سے داس گپتا نے زیورات اور دیگر قیمتی سامان خریدا، وہ اس کے گھر سے برآمد ہوا ہے۔ ان میں تقریبا 1 لاکھ روپئے مالیت کی ٹیگ ہائیر کی گھڑی، 2.22 لاکھ روپئے کے نقلی زیورات اور اسٹونس شامل ہیں۔

داس گپتا کو گذشتہ ہفتے گرفتار کیا گیا تھا۔ ٹی آر پی گھوٹالہ میں یہ 15 ویں گرفتاری تھی۔


Share: