بنٹوال 5 / اکتوبر (ایس او نیوز) بنٹوال تعلقہ کے وٹلا کے قریب اوڈیور گاوں میں سنگ مرمر کی سلوں سے بھرا ہوا ٹرک بے قابو ہوکر نشیب پر اترتے ہوئے ایک عمارت سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں ایک مزدور ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر تین افراد زخمی ہوگئے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے مزدور کی شناخت بہار سے تعلق رکھنے والے شبھاش چندرا گھٹوار (60 سال)کے طور پر کی گئی ہے ۔ جبکہ بہار سے تعلق رکھنے والا پون، کلاڈکا کے رہنے والے آدم اور اس کے بیٹے ارشد کو گہری چوٹ لگی ہے اور علاج کے لئے انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ ماربل کی سلیں بھرا ہوا ٹرک بینگلورو سے آیا تھا جو وٹلا کے ایک اسکول کی طرف جا رہا تھا ۔ اسکول سےذرا دوری پر ہی سڑک پر بہت زیادہ ڈھلان تھی جس پر وزنی ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگیا اور تیزی سے نیچے اترتے ہوئے ڈھلان کے بالکل آخری سرے پر موجود عمارت سے ٹکرا گیا ، جس سے عمارت کی دیوار کو بری طرح نقصان پہنچا ۔ عمارت کی دیوار سے ٹرک کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹرک میں جو ماربل کی سلیں تھیں وہ سب ڈرائیور کے کیبن کی طرف الٹ گئی جس سے کیبن پوری طرح تباہ ہوگیا ۔ اس کے علاوہ ماربل کی سلیں ٹوٹ پھوٹ گئیں اور اس کا پاوڈر ایک سو میٹر کی دوری تک بکھر گیا ۔
زخمیوں کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ ان میں سے ایک کی کمر میں بڑی سخت چوٹ آئی ہے جبکہ بقیہ دو کے پیروں میں گہری چوٹیں آئی ہیں ۔
وٹلا پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کیا ہے ۔