نئی دہلی،7/اکتوبر(ایس او نیوز/ایجنسی) کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے دیہی علاقوں میں بے روزگاری اور لوگوں کی معاشی حالت کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا-
کھرگے نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی تقریر کے ذریعے اصل مسائل کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں - کانگریس صدر نے کہا کہ آپ جتنا چاہیں کانگریس کو گالی دیں لیکن غریبوں کا حق نہ چھینیں -
ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا: دیہی ہندوستان میں معاشی بحران اتنا گہرا ہے کہ ستمبر میں منریگا کی مانگ 4 سالوں میں 30 فیصد بڑھ گئی ہے- اس کے بارے میں کچھ کرنے کے بجائے وزیر اعظم انتخابی ریاستوں میں اپنی ناکامیوں کو تقریروں کے ذریعے چھپانے کے لیے کانگریس کو کوس رہے ہیں -
انہوں نے کہا کہ گھریلو آمدنی میں زبردست کمی اور مہنگائی کی وجہ سے کروڑوں لوگ منریگا کے تحت کام کی تلاش میں گھر گھر بھٹکنے پر مجبور ہیں - صورتحال یہ ہے کہ منریگا بجٹ میں صرف 4 فیصد فنڈز باقی ہیں - کانگریس کو جو بھی برا کہنا چاہیں کہیں، غریبوں کا حق نہ چھینیں -
خیال رہے کہ دیہی روزگار گارنٹی اسکیم منریگا کے تحت روزگار کے خواہاں لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے-
اکنامک ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024کی پہلی ششماہی میں منریگا کے تحت کام کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے- ایسے میں آنے والے دنوں میں صنعتی بہتری کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ملک میں روزگار کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں -
ماہرین کے مطابق مالی سال 2024میں دیہی علاقوں میں منریگا کی بڑھتی ہوئی مانگ معیشت کے لیے ایک بری علامت ہے-