بینگلورو، 29 / مئی (ایس او نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کے مطابق جون کے پہلے ہفتے میں ودھان پریشد کے لئے جو انتخابات کانگریس کے پاس جو سات سیٹیں ہیں اس پر امیدواری کا دعویٰ کرنے والوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی ہے ۔
امیدواری خواہش رکھنے والوں کی درخواستوں پر ہائی کمان سے مشورے کے لئے دہلی روانگی سے قبل ڈی کے شیو کمار نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ سماج کے ہر طبقے ، ہر علاقہ اور ہر ضلع سے نمائندگی دینا ممکنات میں نہیں ہے ۔ ان درخواستوں پر ہائی کمان کی طرف سے وضع کردہ اصولوں اور طریقہ کار کے مطابق غور کیا جائے گا اور سات امیدواروں کے حق میں فیصلہ کیا جائے گا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ایم ایل سی انتخابات کے لئے ریاست کے مختلف اضلاع اور طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی جو قطار کانگریس پارٹی کے سامنے لگی ہے اس میں اتر کنڑا سے بہت ہی دلچسپی دکھائی گئی ہے ۔ صرف کمٹہ سے آر ایچ نائک نے امیدواری کے لئے درخواست دی ہے ۔
خیال رہے کہ ودھان پریشد کی 12 سیٹوں میں سے کانگریس پارٹی کے پاس 7 سیٹیں ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں عمدہ کارکردگی کی توقع رکھنے والی کانگریس پارٹی کو بھروسہ ہے کہ ایم ایل سی کے انتخابات میں بھی بہترین نتائج آئیں گے ۔