ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نوکر شاہی کے’سیاسی استعمال‘ پر کھرگے برہم، مودی کو مکتوب

نوکر شاہی کے’سیاسی استعمال‘ پر کھرگے برہم، مودی کو مکتوب

Mon, 23 Oct 2023 11:33:41    S.O. News Service

نئی دہلی، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کے صدرملکا رجن کھرگے نے مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ فوج کے جوانوں اور نوکر شاہوں کو  سرکاری اسکیموں کی تشہیرکا حکم دینے پرسخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اسے فوری طورپر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس صدر نے وزیر اعظم مودی کو اتوار کو ایک  خط  روانہ کیا ہے۔ 

 کانگریس صدر نے زور دیکر کےکہا ہے کہ ’’جمہوریت میں یہ انتہائی اہم ہے کہ مسلح افواج کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ ہر جوان کی وفاداری ملک اور آئین کے ساتھ ہے۔ ہمارے فوجیوں کو حکومتی اسکیموں کی مارکیٹنگ ایجنٹ بننے پر مجبور کرنا مسلح افواج کی سیاست کاری  کی طرف ایک خطرناک قدم ہے۔ ‘‘کھرگے نےاسی طرح نوکر شاہوں کوسیاسی سرگرمیوں میں استعمال کرنے کو سینٹرل سول سروسیز (کنڈکٹ) رولز۱۹۶۴ء کی صریح خلاف ورزی قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کی مارکیٹنگ سرگرمیوں کیلئے محکموں کے اعلیٰ افسران کو تعینات کیا گیا تو ہمارے ملک کی حکمرانی اگلے ۶؍ماہ تک ٹھپ ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ سرکاری ملازمین اور فوجیوں کیلئے، یہ ضروری ہے کہ حکومتی مشینری کو سیاست سے دور رکھا جائے بالخصوص ایسے وقت میں جبکہ انتخابات میں محض چند ماہ باقی ہیں۔

انہوں نے تنقیدکی کہ ای ڈی ، محکمہ انکم ٹیکس اور سی بی آئی پہلے سے ہی بی جے پی کے انتخابی محکموں کے طور پر کام کر رہی ہیں، اب مذکورہ احکامات کے ذریعہ پوری حکومتی مشینری کو حکمراں پارٹی کا ایجنٹ بننے پر مجبور کیا جارہاہے۔ اس کے بعد سبھی ایجنسیاں اور ادارے اب سرکاری طور پر `پرچارک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے پیش نظر ضروری ہے کہ مذکورہ احکامات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔


Share: