نئی دہلی ، 10؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو گمراہ کرکے انہیں نفرت کے شکنجے میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے، اس لیے انہیں بھٹکنے سے بچانے کیلئے ان کو روزگار دے کر ان کے مستقبل سنوارنے کی ضرورت ہے -اتوار کو فیس بک پر ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہاکہ یہ آج صبح کی بھارت جوڑو یاترا کی تصویر ہے -
یہ نوجوان کہہ رہے ہیں کہ ہمارے پیارے ہندوستان میں نفرت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے - آخر ملک کے لوگ نفرت کے خلاف آواز کیوں اٹھا رہے ہیں؟ آپ سب جانتے ہیں - چند سال پہلے ہمارے ملک میں ایسا ماحول نہیں تھا جیسا کہ آج ہے - پہلے بھائی چارہ تھا، باہمی محبت تھی لیکن آج ایسا نہیں ہے اور یہی بھارت جوڑو یاتراکرنے کی ایک بڑی وجہ ہے - ہمارے نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، انہیں نفرت کی نہیں محبت کی ضرورت ہے، انہیں روزگار چاہیے تاکہ وہ اپنا، اپنے خاندان اور ملک کا مستقبل تیار کر سکیں - کچھ سیاسی جماعتیں ان نوجوانوں کو گمراہ کرکے، انہیں بے روزگار رکھ کر نفرت کی سیاست کر رہی ہیں - ہمیں نوجوانوں کو بھٹکنے سے بچانا ہے، ان کیلئے ایک بہتر کل بنانا ہے، اچھی تعلیم اور روزگار فراہم کرنا ہے -
مسٹر گاندھی نے کہاکہ ہماری بھارت جوڑو یاترا کو نوجوانوں کی طرف سے کافی حمایت مل رہی ہے، وہ کھل کر مجھ سے بات کر رہے ہیں اور میں ان کی باتیں سن رہا ہوں - ہمارے نوجوان کافی صلاحیت مند ہیں - انہیں نفرت کی آگ میں جھونکنے سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا- ہماری یاترا میں ہر مذہب، ہر ذات کے لوگ ایک دوسرے کا نام پوچھے بغیر، ہاتھ ملا کر، قدم سے قدم ملاکر چل رہے ہیں - کوئی پیچھے رہ جائے تو لوگ اس کیلئے رک جاتے ہیں، کوئی گر جائے تو لوگ سہارا دے کر اٹھا لیتے ہیں -
اس یاترا کی خوبصورتی اس کا اتحاد اور سا لمیت ہے - ہمارا ہندوستان پہلے بھی ایسا ہی تھا اور ہمیں ویسا ہی خوبصورت ہندوستان دوبارہ بنانا ہے - ہم سب امن کا پیغام لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، لوگ شامل ہو رہے ہیں - آئیے ہم سب مل کر ان نوجوانوں کی آواز بلند کریں اور ہندوستان کو جوڑیں -