شیلانگ، 25/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی ) وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو ناگالینڈ اور میگھالیہ میں 3 انتخابی میٹنگوں، روڈ شو اورریلی میں شرکت کی۔ وزیر اعظم نے میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ میں روڈ شو کے بعد منعقدہ ریلی میں کہا کہ کچھ لوگ، جنہیں ملک نے مسترد کر دیا ہے اورجو مایوسی کے گڑھے میں دھنس چکے ہیں، آج کل وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’مودی تمہاری قبر کھودیں گے لیکن انہیں ملک کہہ رہا ہے مودی کا کنول کھلے گا ۔‘‘پی ایم نے کہا کہ جس طرح سے آج میگھالیہ کے لوگوں نے روڈ شو میں شرکت کرکے مجھے پیاردیا اور میری بات سنی اس سے ثابت ہو رہا ہے کہ یہاں کے لوگ ترقی چاہتے ہیں۔ مودی نے وعدہ کیا کہ آپ کے پیار اور آپ کے اس احسان کا قرض ضرور چکاؤں گا۔ میں میگھالیہ کی ترقی کرکے دکھائوں گا ۔ میں آپ کی اس محبت کو رائیگاں نہیں جانے دوں گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب میں میگھالیہ کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے باصلاحیت لوگ، متحرک روایات، حیرت انگیز قدرتی خوبصورتی کا خیال آتا ہے۔ادھر وزیر اعظم نے ناگالینڈ کی راجدھانی دیما پورمیں انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔ انہوں نے یہاں کانگریس پر پورے شمال مشرق کی ترقی روکنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس نے اس خطے کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ وہ یہاں سے ووٹ تو حاصل کرلیتی تھی لیکن یہاں کے لوگوںکو ان کا حق نہیں دیتی تھی لیکن اب ہم سبھی کیلئے ترقی لائیں گے ۔ واضح رہے کہ ناگالینڈ اور میگھالیہ میں ۲۷؍ فروری کو ووٹ ڈالےجائیں گے۔