نئی دہلی، 30/ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) بی جے پی رکن پارلیمان مینکا گاندھی کی جانب سے اسکان کی گوشالا سے قصابوں کو گائے فروخت کرنے کے سنگین الزامات کے بعد، اب اس معاملے میں تنظیم کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی ہے۔ اسکان نے مینکا گاندھی کو 100کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔
اسکان کی جانب سے کہا گیا کہ ہمارے بھکتوں، حامیوں اور خیر خواہوں کی دنیا بھر کی کمیونٹی ان توہین آمیز، قابل مذمت اور بدنیتی پر مبنی الزامات سے شدید غمزدہ ہے۔ ہم اسکان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف انصاف کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے- سابق مرکزی وزیر اور جانوروں کے حقوق کی کارکن مینکا گاندھی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ اسکان سب سے بڑا فراڈ ہے-یہ لوگ گائے کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور حکومت ان کی ہر طرح سے مدد کرتی ہے جس میں زمین بھی شامل ہے۔ اس کے باوجود جو گائیں دودھ نہیں دیتیں ان کو قصابوں کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔