ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میسور: رکن پارلیمان پرتاپ سنہا نے آوارہ کتوں سے نمٹنے میں مدد کرنے اور میڈیا والوں سے کارروائی کی رپورٹنگ نہ کرنے کی کی اپیل

میسور: رکن پارلیمان پرتاپ سنہا نے آوارہ کتوں سے نمٹنے میں مدد کرنے اور میڈیا والوں سے کارروائی کی رپورٹنگ نہ کرنے کی کی اپیل

Sat, 25 Feb 2023 09:22:14    S.O. News Service

میسور 26 (ایس او نیوز) حال ہی میں تلنگانہ میں آوارہ کتوں کے حملے میں 5 سالہ بچے کی ہلاکت پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمان پرتاپ سنہا نے کہا کہ آوارہ کتوں کے خلاف کارروائی میں مدد کرنے کے لئے میڈیا کو اس کی رپورٹنگ پر روک لگانی ہوگی.

شہر میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے تعلق سے میسورو سٹی میونسپل کارپوریشن کے افسران سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میسورو میں بھی آوارہ کتوں کی تعداد اور ہراسانی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے. مگر مسئلہ یہ ہے کہ آوارہ کتوں کو مارنے اور ہلاک کرنے کے خلاف سپریم کورٹ نے پابندی عائد کی ہے. اگر ہم لوگ کارروائی کرتے ہیں تو میڈیا والے رپورٹنگ کرتے ہیں اور جانوروں کے حقوق کے لئے لڑنے والے ہنگامہ کھڑا کرتے ہیں. یہ لوگ آوارہ کتوں کو کھلا پلا کر جو پالتے ہیں اس سے سماج کی کوئی خدمت نہیں ہو رہی ہے. کتے ایک ساتھ درجنوں پلّوں کو جنم دیتے ہیں اور ان کی تعداد بڑھتی جاتی ہے. آوارہ کتے موٹر بائکس کا پیچھا کرتے ہیں اور خوفزدہ بائک سوار حادثے کا شکار ہوکر اپنے ہاتھ پیر کی ہڈیاں تڑوا لیتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں 21 لوگ کتوں کے حملوں میں اپنی جان گنوا چکے ہیں. ہم نہیں چاہتے کہ میسورو میں بھی یہ صورت حال پیدا ہو. اس لئے اگر ہم آوارہ کتوں کو مارنے کی مہم شروع کریں تو آپ لوگ اس کی رپورٹنگ نہ کرتے ہوئے ہمارے ساتھ تعاون کریں.


Share: