ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / موڈ بھٹکل میں عوام نے انڈر پاس کا مطالبہ کرتے ہوئے جے سی بی روک کر کیا احتجاج؛ رُک گیا ہائی وے فورلائن کا کام

موڈ بھٹکل میں عوام نے انڈر پاس کا مطالبہ کرتے ہوئے جے سی بی روک کر کیا احتجاج؛ رُک گیا ہائی وے فورلائن کا کام

Fri, 06 Jan 2023 22:43:09    S.O. News Service

بھٹکل 6 جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے موڈبھٹکل بائی پاس پر نیشنل ہائی وے فورلائن کا کام انڈر پاس تعمیر کئے بغیر کرنے کے لئے آگے بڑھنے پر عوام نے مخالفت کرتے ہوئے کام کو روک دیا اور صاف طور پر کہا کہ وہ بغیر انڈر پاس یہاں ہائی وے کے کام کو آگے بڑھانے نہیں دیں گے۔ واردات جمعہ صبح گیارہ بجے پیش آئی۔

عوام کا کہنا ہے کہ یہاں موڈ بھٹکل بائی پاس پر ٹریفک زیادہ رہتی ہے اورموڈ بھٹکل سے مُٹھلی جانے کے لئے یہیں پر راستہ ہے، جب تک مٹھلی اور موڈ بھٹکل کو جوڑنے والی سڑک پرانڈرپاس تعمیر نہیں کیا جائے گا، یہاں ہائی وے کے کام کو آگے بڑھانے نہیں دیا جائے گا۔

ہائی وے تعمیر کرنے والی کمپنی آئی آر بی کو پہلے ہی عوامی احتجاج  کی اطلاع تھی جس کی بنا پر انہوں نے یہاں پیشگی پولس کی تعیناتی کردی تھی اور پولیس کی تحفظ میں کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن لوگوں نے تحصیلدار ڈاکٹر سمنتھ، بھٹکل ٹاون سرکل پولس انسپکٹر دیواکر، بھٹکل مضافاتی سرکل پولس انسپکٹرمہابلیشور نائک سمیت کافی پولس اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود کام کو روک دیا۔

جیسے ہی یہاں عوام کی جانب سےمخالفت شروع ہوئی، پولس نے زائد فورس بھی بلائی، لیکن عوام نے تحصیلدار سمیت سرکل پولس انسپکٹر دیواکر کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ انڈر پاس کی تعمیر کے بغیریہاں نیشنل ہائی وے فورلائن کام کو تعمیر کرنے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر تحصیلدار سمیت سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی کہ فورلائن ہائی وے  کام میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ پیدا نہ کرے، پولس انسپکٹر نے کہا کہ ہم ہائی وے کو عارضی طور پر چوڑا کرنے دیں گے کیونکہ آئی آر بی کا کنٹریکٹ مارچ کو ختم ہورہا ہے اور اُنہیں اس مدت میں کام ختم کرنا ہے، اگرآپ نے کام میں رکاوٹ پیدا کی تو یہ لوگ کام ادھورا چھوڑ کر چلے جائیں گے، جس کے تنیجے میں سرکار کو دوسرا کنٹریکٹ دینا ہوگا جس سے سرکار کو کافی نقصان ہوگا۔ انسپکٹر نے یہ بھی کہا کہ اِس بار کنٹریکٹر کو اپنا کام پورا کرنے دیں، جب دوسرے مرحلے کا نیا کنٹریکٹ نئی کمپنی کو دیں گے تو اُس وقت انڈرپاس کا مطالبہ رکھ سکتے ہیں۔ تحصیلدار نے عوام کو یہ کہہ کر مطمئن کرنے کی کوشش کی کہ سڑک کو چوڑا کرنے کاکام اگرروکا گیا تو یہاں حادثات بڑھیں گے۔ لوگوں کی جانیں ضائع ہوں گی۔ مگر عوام نے کہا کہ انڈرپاس کے بغیر ہائی وے کاکام آگے بڑھایا جائے گا تو بھی زائد حادثات ہوں گے، اس لئے انڈرپاس کے بعد ہی ہائی وے کا کام آگے بڑھائیں۔

جے سی بی کا محاصرہ:
ایک طرف عوام کا احتجاج جاری تھا تو بائی پاس کے دوسری طرف ہائی وے کے کام کو مکمل کرنے کے لیے جے سی بی مشین آگے بڑھی، جے سی بی کو آگے بڑھتے دیکھتے ہی عوام بپھر گئے اور جے سی بی کی طرف دوڑ پڑے، اس سے پہلے کہ لوگ جے سی بی ڈرائیور پر ہاتھ اُٹھاتے، پولس بھی اُس طرف دوڑ کر جے سی بی ڈرائیور کو احتجاجیوں کا نشانہ بننے سے روک دیا۔ یہاں کچھ دیر کے لئے احتجاجیوں اور پولس کے درمیان پھر ایک بار گرما گرم بحث شروع ہوئی۔ مگرعوام نے جے سی بی کا محاصرہ کرتے ہوئے کام کو روک کر ہی دم لیا۔ لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر کام جاری رہا تو وہ جے سی بی کے نیچے بیٹھ جائیں گے، مگر جے سی بی کو آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر مُٹھلی گرام پنچایت صدر شیش گیری نائک، تعلقہ پنچایت کی سابق ممبر میناکشی جٹپا نائک، شرینواس نائک، راگھو نائک، جٹپّا نائک، یوگیش دیواڑیگا، مہیش نائک، رام نائک، گنیش نائک، ماستپّا نایک، وینکٹیش دیواڑیگا، چندرہاس نائک و دیگر کئی لوگ احتجاج میں شامل تھے۔

 


Share: